صوبے کے تعلیم کے حوالے سے کسی بھی طور پر کمپرومائز نہیں کیا جائے گا : فرح عظیم شاہ
کوئٹہ : ترجمان حکومت بلوچستان محترمہ فرح عظیم شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ تعلیم ہر معاشرے کیلئے انتہائی اہم جز ہے اور صوبائی حکومت تعلیم کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ صوبائی حکومت صوبے کے بچوں کیساتھ ساتھ بچیوں کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے کیونکہ ہماری آبادی کا 50 فیصد حصہ خواتین پر مشتمل ہے اور جب خواتین اچھی تعلیم یافتہ ہونگی تو اچھے معاشرے کو جنم دے گی۔
صوبے کے بچوں اور بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے کسی بھی طور پر کمپرومائز نہیں کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری سکولوں کو فعال بنانے کیلئے اساتذہ کی حاضریوں کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ وزیراعلٰی کی جانب سے جو ہدایات جاری کی گئی ہیں وہ محکمہ تعلیم کو بھی جاری کردی گئی ہیں، کیونکہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا اور تعلیم سے ہی ہم اپنا مستقبل بدل سکتے ہیں،
انہوں نے کہا کہ تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور عوامی مفاد میں ایسی پالیسیاں اور فیصلے کیے جائیں گے جن سے عوام کے معیار زندگی بہتر اور ان کے دیرینہ مسائل حل ہو سکیں