عطا تارڑ کی گرفتاری:نااہل حکمران کرسی جاتی دیکھ کر ایڑیاں رگڑ رہے ہیں،مولانافضل الرحمن

0 72

ملتان (امروز ویب ڈیسک) پاکستان ڈیموکریٹک کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار نہیں ، آصف زرداری سے ملاقات طے ہے جو جلد ہو گی،حکومت خوف اور بوکھلاہٹ میں گرفتار یاں کررہی ہے،نااہل حکمران کرسی جاتی دیکھ ایڑیاں رگڑ رہے ہیں۔ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی قیادت نااہل اور نالائق حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے بڑی سوچ سمجھ کر آگے بڑھ رہی ہے

اور ہم تمام آپشن استعمال کریں گے تاہم استعفوں کے حوالے سے سینیٹ الیکشن کے بعد فیصلہ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ 2018 ءکے الیکشن میں دھاندلی ہوئی اور ووٹ چوری کیے گئے ہم آج بھی اپنا موقف پر قائم ہیں اور یہی واردات سینیٹ الیکشن میں بھی ہو گی ۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم سینیٹ الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی کیساتھ جائے گی

۔ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ پی ٹی آئی کو خطرہ ہے کہ اس کے امیدوار اپوزیشن کو ووٹ دے سکتے ہیں اس لئے وہ اوپن بیلٹ کرانا چاہتی ہے تاکہ اپنے امیدواروں کو کنٹرول کرسکے، ہم عوام کے ووٹوں پر اب پی ٹی آئی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دینگے ۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ سید یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار نہیں ہے

۔انہوں نے بتایا کہ آصف علی زرداری سے میٹنگ طے ہوچکی ہے اور جلد ان سے ملاقات کرنے جاﺅں گا ، آصف زرداری کو بیٹی کی شادی پر مبارکباد بھی دوں گا اس کے علاوہ پی ڈی ایم تحریک کے حوالے سے اہم معاملات پر بھی بات چیت ہو گی ۔مسلم لیگ(ن) کے رہنما عطا اللہ تارڑ کی ڈسکہ میں گرفتاری کے سوال پر مولانافضل الرحمن نے کہا کہ نااہل حکمران اپنی کرسی جاتی ہوئی دیکھ کر ایڑیاں رگڑ رہے ہیں ۔حکومت خوف اور بوکھلاہٹ میں گرفتار یاں کررہی ہے مگر ہم گرفتاریوں سے نہیں ڈرتے اور نہ ہی ہمیں کوئی ان گرفتاریوں سے فرق پڑتا ہے ۔ نااہل حکومت گرفتاریوں کرکے خود کو بچا نہیں سکتی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.