وزیر خارجہ کا سیکریٹری جنرل او آئی سی سے رابطہ، بھارت میں اسلاموفوبیا پر تبادلہ خیال

0 224

اسلامک تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزرائے خارجہ کونسل کے سربراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آج او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین براہیم طحہٰ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونی والی ٹیلی فونک گفتگو کے دوران ہندوستان میں حکمراں جماعت کی جانب سے حالیہ اسلاموفوبیا کے اقدامات پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا، خاص طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دو سینئر عہدیداروں کی جانب سے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خلاف توہین آمیز ریمارکس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اپنی گفتگو کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے اعلیٰ عہدیداروں کے توہین آمیز ریمارکس نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچائی ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بی جے پی کی جانب سے وضاحتی کوشش اور ذمہ دار افراد کے خلاف تاخیر سے کی جانے والی معمولی تادیبی کارروائی، اس تکلیف دہ عمل سے مسلم دنیا میں پیدا ہونے والے کرب اور اضطراب کو کم نہیں کر سکتی۔

انہوں نے تضحیک آمیز ریمارکس کے خلاف ہونے والے نماز جمعہ کے بعد پرامن احتجاجی مظاہرہ کرنے والوں کے ساتھ بھارتی حکام کی جانب سے ناروا سلوک کی شدید مذمت کی جو کہ مسلمانوں کے خلاف بھارتی حکومت کے جاری ظلم و ستم کے اقدامات کا تازہ ترین مظاہرہ ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے او آئی سی اور اس کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ بھارتی مسلمانوں کی جان، عزت، جائیداد، ثقافت، ورثے اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں۔

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران انہوں نے او آئی سی پر زور دیا کہ وہ بھارت میں اسلامو فوبیا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوری نوٹس لے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے ساتھ گفتگو کے دوران او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے توہین آمیز ریمارکس کے ساتھ ساتھ بھارتی مسلمانوں کی نہ ختم ہونے والی مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

او آئی سی اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحانات اور اس سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدامات کرنے کی ضرورت کو شدت سے محسوس کرتی ہے۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اسلامو فوبیا پر اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں اور اعلانات کا ذکر کیا اور بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے اور ہندوستانی مسلمانوں کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی راہیں اور راستے تلاش کرنے کے لیے رابطے میں رہنے کا فیصلہ کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.