کورونا کیسز میں دوبارہ تیزی، ایک روز میں 11 مریض جاں بحق
ملک ميں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر تیزی، 24 گھنٹوں کے دوران 11 مريض انتقال کرگئے۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق ملک ميں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 624 نئے کيسز رپورٹ ہوئے، گزشتہ روز کورونا کے 16 ہزار299 ٹيسٹ کيے گئے، مثبت کيسز کی شرح 3.83 فيصد رہی۔
اس سے قبل جمعرات کو جاری اعداد و شمار کے مطابق 353 کیسز رپورٹ ہوئے تھے اور صرف ایک مریض کی موت ہوئی تھی لیکن صرف ایک دن بعد اموات کی تعداد 11 ہوگئی جبکہ کیسز بھی دوگنا بڑھ گئے۔
پاکستان میں وبا کے آغاز سے اب تک 15 لاکھ 61 ہزار 579 کورونا کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ اس وقت 9 ہزار 256 کیسز ایکٹو ہیں، کورونا سے اب تک 30 ہزار 520 اموات ہوچکی ہیں جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 15 لاکھ 21 ہزار 803 ہے۔