پاک افغان سرحد پر چند جگہوں سے باڑ کو اکھاڑا گیا ہے،ترجمان دفترخارجہ

0 131

ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پر چند جگہوں سے باڑ کو اکھاڑا گیا ہے تاہم سرحد پر ابھی بھی زیادہ تر جگہوں پر باڑ موجود ہے۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ خطے میں امن واستحکام کا افغانستان کی صورتحال سے براہ راست تعلق ہے، افغانستان کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر یکطرفہ وغیرقانونی اقدامات کو3سال ہوچکے ہیں اور اس دوران مقبوضہ کشمیر میں 650 کشمیری شہید کئے گئے، صرف رواں سال 30 مظلوم کشمیری قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہوئے ہیں۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کی اقوام متحدہ کی کمیٹی پر حالیہ گمراہ کن پروپیگنڈا مسترد کرتے ہیں، سلامتی کونسل کی 1267 کمیٹی کا اپنا ایک طریقہ کار ہے، پاکستان خود بھی سرحد پار سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی شہری کے دہشتگرد نیٹ ورک چلانے کے متعلق 1267 کمیٹی کو آگاہ کیا، کمیٹی نے پابندیاں عائد کرنے کے مطالبے کو مسترد کیا جو دہرے معیار کی عکاسی ہے،مزید کہا کہ پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات کی کسی قسم کی معلومات نہیں ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے ابھی تک غلطی سے میزائل چلانے پر کوئی معلومات فراہم نہیں کی، پاکستان نے بھارت کو سوالات کے مجموعہ بھیجا،بھارت نے جواب نہیں دیا، پاکستان نے اقوام متحدہ کو بھی ان سوالات سے آگاہ کیا تھا۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ بارسلونا میں جنسی ہراسگی کےالزامات کی تحقیقات کی جارہی ہیں، ان الزامات میں ملوث سفارتکاروں کو واپس طلب کر لیا گیا ہے، دفترخارجہ ایسے معاملات کو نتہائی سنجیدگی سے لیتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.