جدید تاریخ میں پہلی بار سعودی عرب کا حج منسوخ کرنے پر غور
کوئٹہ (امروز نیوز)
کرونا وائرس کی وبا کے تحت جدید تاریخ میں پہلی بار سعودی عرب حج کو منسوخ کرنے پر غور کر رہا ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے ایک عہدیدار نے فنانشل ٹائمز کو بتایا کہ ملک میں کورنا کی وبا کی وجہ سے حج منسوخ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
باخبر عہدیدار کے مطابق ایک ہفتے کے اندر اس حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
سعودی عرب نے حال ہی میں عمرہ بھی معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
کرونا کی وبا کے بعد سعودی عرب نے عازمین کی تعداد کم کرنے کی بات بھی کی تھی۔
سعودی عرب میں وبا سے نمٹنے سے متعلق پابندیوں کو آہستہ آہستہ کم کیا جا رہا ہے۔
دوسری طرف بعض ممالک جیسے ملائیشیا، انڈونیشیا اور برونائی نے اپنے شہریوں کو اس سال حج پر جانے سے روک دیا ہے۔
برطانوی اخبار کے مطابق سعودی عرب کی جدید تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب حج منسوخ کرنے کے امکان پر غور کیا گیا ہے۔
اس سال حج میں 50 دن سے بھی کم وقت باقی ہے جو دنیا کے مسلمانوں کا سب سے بڑا اجتماع ہوتا ہے۔
بڑے اجتماعات سے اجتناب کرنا ایک ایسا اقدام ہے، جسے ماہرین کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تجویز کرتے ہیں۔
سعودی عرب نے کووڈ 19 کے آغاز سے ہی سخت سماجی فاصلے کے قوانین نافذ کیے ہیں۔