صدر ٹرمپ اور اپوزیشن کے درمیان شٹ ڈائون کے خاتمے کیلئے معاہدے پر اتفاق
واشنگٹن(امروز نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اپوزیشن کے درمیان شٹ ڈائون کے خاتمے کے لیے معاہدے پر اتفاق ہو گیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اپوزیشن کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں جس کے بعد ملک میں جاری شٹ ڈائون عبوری طور پر ختم ہو گیا ہے۔معاہدے کو (آج)جمعہ کے روز آئینی شکل دیتے ہوئے کانگریس میں قانون سازی کی جائے گی۔طے پائے گئے معاہدے میں اپوزیشن نے میکسیکو کی سرحد پر حفاظتی دیوار بنانے کے لیے ایک ارب 37 کروڑ ڈالر کی منظوری دینے کی ہامی بھری ہے جس پر صدر نے بھی رضامندی کا اظہار کیا ہے۔ قبل ازیں صدر ٹرمپ نے 5 ارب 70 کروڑ ڈالر کا مطالبہ کیا تھا۔گزشتہ برس کے آخری ماہ صدر ٹرمپ نے میکسیکو کی حفاظتی سرحدی دیوار کی تعمیر کے لیے 5 ارب سے زائد فنڈ کی منظوری نہ دینے پر بجٹ دستاویز پر دستخط سے انکار کردیا تھا جس سے ملک بھر میں کرسمس سے قبل سرکاری محکموں میں شٹ ڈائون ہوگیا تھا۔واضح رہے کہ وسط مدتی انتخابات میں صدر ٹرمپ کی جماعت کو ناکامی کا سامنا رہا جس کے باعث کانگریس میں اپوزیشن جماعت مضبوط ہوگئی اور صدر ٹرمپ کو اپنی من مانیاں کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔