وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی کے باعث لاہور کے کئی علاقوں کو سیل کردیا جائےگا،یاسمین راشد
وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ کل رات 12 بجے سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی کے باعث لاہور کے کئی علاقوں کو سیل کردیا جائے گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یاسمین راشد نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد حکومت کی طرف سے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عملدرآمد کروانے کی پوری کوشش کی گئی اور اس کی خلاف ورزی پر دکانیں اور مارکیٹس بھی سیل کی لیکن لوگوں نے عمل نہیں کیا۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان لاہور آئے تھے اور انہوں نے کہا تھا کہ جن علاقوں میں وائرس کا پھیلاؤ زیادہ ہے اس حوالے سے اقدامات کرنے ہوں گے۔
یاسمین راشد نے کہا کہ گزشتہ 2 روز میں ہم نے دیکھا کہ لاہور کے جن علاقوں میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہورہی ہے ان کے حوالے سے مختلف احتیاطی تدابیر اپنائی جائے گی۔