صنعتی شعبے کی ضروریات پوری کرنے، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے تکنیکی اور آئی ٹی تعلیم کے فروغ کی ضرورت ہے، صدر مملکت
ملک کی تکنیکی اور صنعتی ترقی یونیورسٹی سطح پر تعلیم کے معیار سے براہ راست جڑی ہے ،ملکی ترقی کیلئے اعلیٰ تعلیمی ادارے تحقیق و ترقی پر توجہ دیں، عارف علوی
اسلام آباد (امروز ویب ڈیسک) صدر مملکت عارف علوی نے کہاہے کہ صنعتی شعبے کی ضروریات پوری کرنے ،نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے تکنیکی اور آئی ٹی تعلیم کے فروغ کی ضرورت ہے ،ملک کی تکنیکی اور صنعتی ترقی یونیورسٹی سطح پر تعلیم کے معیار سے براہ راست جڑی ہے ،ملکی ترقی کیلئے اعلیٰ تعلیمی ادارے تحقیق و ترقی پر توجہ دیں ۔
جمعہ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو سر سید کیس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اسلام آباد پر بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہاکہ صنعتی شعبے کی ضروریات پوری کرنے ، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے تکنیکی اور آئی ٹی تعلیم کے فروغ کی ضرورت ہے ، ملک کی تکنیکی اور صنعتی ترقی یونیورسٹی سطح پر تعلیم کے معیار سے براہ راست جڑی ہے ،ملکی ترقی کیلئے اعلیٰ تعلیمی ادارے تحقیق و ترقی پر توجہ دیں
۔ صدر مملکت نے کہاکہ جامعات کو اپنے طلباءمیں تجزیاتی اور منطقی سوچ کے فروغ پر توجہ دینی چاہیے ، سر سید احمد خان کی تعلیمات مستقبل میں نوجوانوں کو رہنمائی فراہم کر سکتی ہیں ،ادارے کی انتظامیہ طلباءکی تعداد کے ساتھ ادارے کی ورچوئل صلاحیت بھی بڑھائے ، پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کی جامعات کے ساتھ روابط بڑھانے کی ضرورت ہے ۔کیس کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفاعت احمد بزاز نے صدر کو انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں جدید تعلیم کے فروغ میں ادارے کے کردار سے آگاہ کیا۔
بتایاگیاکہ کیس انجینئرنگ ، مینجمنٹ ، بزنس اور کمپیوٹنگ کے شعبوں میں بیچلر سے لے کر پی ایچ ڈی تک مختلف شعبوں میں تعلیم دے رہا ہے،اس وقت 900 سے زائد طلبہ انسٹی ٹیوٹ میں مختلف شعبوں میں زیر تعلیم ہیں ۔ بتایاگیاکہ ادارے کے قیام سے اب تک 3500 سے زائد طلباءفارغ التحصیل ہو چکے ہیں، یونیورسٹی نے 2017 سے اب تک مستحق طلباءکو 54 ملین روپے کے وظائف اور مالی امداد دی ۔