کراچی میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کے انعقاد کا اعلان

0 81

 کراچی:  دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کے انعقاد کا اعلان کردیا گیا ہے، چار روزہ بین الاقوامی دفاعی نمائش 15سے18نومبرکو ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہوگی۔

انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار (IDEAS) جنوبی ایشیا کا ایک اہم ایونٹ ڈیفینس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے تحت منعقد کیا جاتا ہے،کورونا کی عالمی وباء کے باعث نمائش 4سال کے تعطل کے بعد منعقد کی جا رہی ہے۔

سال2000 سے منعقد ہونے والی (IDEAS) دفاعی مصنوعات بنانے والے اداروں، انٹر پرنیورز، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ماہرین، مالیاتی ماہرین اور سر فہرست پالیسی میکرز کیلئے تعاون کے فروغ، معلومات کے تبادلے اور دفاعی شعبہ میں اشتراک عمل کو فروغ دینے کا اہم ایونٹ بن کر اُبھرا ہے۔

ایونٹ کا انعقاد عالمی امن، استحکام اور توازن کے مشترکہ مقاصد کو حاصل کرنے میں معاون ہونے کے ساتھ  پاکستان کے اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

آئیڈیاز کے اب تک ہونے والے ایڈیشنز حکومتی محکموں،مسلح افواج، سرکاری اور نجی دفاعی صنعت، تجارتی انجمنوں بالخصوص کراچی کے شہریوں کی سپورٹ کی وجہ سے بھرپور کامیابی سے منعقد ہوئے۔

IDEAS 2018 میں 45ممالک کے524 نمائشی وفود نے شرکت کی تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ262سے زائد اعلیٰ سطح کے وفود نے نمائش کا دورہ بھی کیا تھا۔

چین، Czech Republic، فرانس، جرمنی، اٹلی، اُردن، پولینڈ، روس، جنوبی کوریا، ترکیہ، متحدہ عرب امارات، یوکرین، امریکہ اور میزبان پاکستان جیسے ممالک نے ایکسپو سنٹر میں اپنے خصوصی ملکی پویلین قائم کئے۔

پاکستان آرمی پویلین، آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبیلیٹشن میڈیسن، نیشنل لاجسٹکس سیل، اینٹی نارکوٹکس فورسز، فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن، کاؤنٹر آئی ای ڈی آرگنائزیشن اور ملٹری ٹریننگ ڈائریکٹوریٹ کے اسٹالز لگائے۔

دفاعی شعبے میں پاکستان کی برآمدات کو بڑھانے کے لئےIDEASکے دوران نمائش کے لئے مقامی طور پر تیار کی گئی بڑی دفاعی مصنوعات جن میں الخالد ٹینک، JF-17، Jet Trainer Air Craft K-8اورUAV’sکو نمائش کیلئے پیش کیا جائے گا۔

IDEASبین الاقوامی مندوبین اور نمائندوں کے لئے پاکستان کی دفاعی تیاری اور تربیتی صلاحیتوں کے بارے میں تفصیلی جائزہ لینے کا ایک منفرد موقع ہے۔

پاکستان کی دفاعی صنعت ترقی کے مراحل تیزی سے طے کر رہی ہے،بین الاقوامی دفاعی نمائش IDEASکا انعقاد دِفاعی صنعت میں نمایاں کامیابیوں کا ثبوت جبکہ غیر ملکی وفود کی اس میں شرکت پاکستان کے لئے باعث ِ فخر ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.