سیاسی لوگ ہیں کبھی ووٹ فروخت کیا ہے نہ کرینگے، حمل کلمتی
کوئٹہ (امروز ویب ڈیسک) بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن اسمبلی میر حمل کلمتی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ہمیشہ سلیکٹڈ لوگوں نے آکر سلیکٹڈ لوگوں کو ہی سپورٹ کیا ہے ہم سیاسی لوگ ہیں نہ کبھی ووٹ فروخت کئے ہیں نہ کھبی ووٹ خریدے ہیں پیراشوٹر نہیں ہیں جب تک بلوچستان کے حقیقی نمائندے ایوانوں میں نہیں جائیں گے تب صوبے کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
یہ بات انہوں نے پیر کو پارٹی امیدوار حسین بلوچ کے سینیٹ انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پارٹی امیدوار ساجد ترین ایڈووکیٹ، ارکان اسمبلی احمد نواز بلوچ، بابو رحیم مینگل و ٹائٹس جانسن سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ایک جانب بلوچستان نیشنل پارٹی ہے۔
جس نے اپنی جماعت کے حقیقی سیاسی کارکنوں کو سینیٹ انتخابات کے لئے ٹکٹ دیئے ہیں دوسری جانب حکمران جماعت ہے موازانہ کیا جائے کون سیاسی اور کون غیر سیاسی لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہمیشہ سلیکٹڈ لوگوں نے آکر سلیکٹڈ لوگوں کو ہی سپورٹ کیا
ہے یہ لوگ آسمان سے اترکر بلوچستان سے نشست حاصل کرکے چلے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں نہ کبھی ووٹ فروخت کئے ہیں نہ کھبی ووٹ خریدے ہیں پراشوٹر نہیں ہیں صرف اس وقت میدان میں اترتے ہیں جب ہمارے پاس نمبر پورے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل جماعتیں تمام صوبوں میں مشترکہ طور پر سینیٹ انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں، بلوچستان نیشنل پارٹی پارلیمانی سیاسی جماعت ہونے کے ناطے ہر اس جماعت سے مذاکرات اور بات چیت کریگی۔
جسے اپنے نظریہ کے مطابق سمجھتے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے سابق امیدوار کی آزاد حیثیت سے دوبارہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ صوبے کی حکمران جماعت کی جانب سے ان کے فارم جمع کرائے گئے ہیں حکومت کی کوشش ہے کہ صوبے کے باہر سے امیدوار لائے جائیں۔