پی ٹی آئی کو مسترد کرنے کا اظہار آپکو اپنے ووٹ سے کرنا ہے،وزیراعظم

0 124

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آپ کو ووٹ آپ کی طاقت ہے اور اسی طاقت کے ذریعے آپ نے پاکستان تحریک انصاف کو مسترد کرنے کا اظہار کرنا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے لکھا کہ آپ کا ووٹ ہی آپ کی طاقت ہے، ووٹ ڈالتے ہوئے عمران نیازی حکومت کی کرپشن اور معاشی تباہی کا ضرور سوچیے گا۔

وزیراعظم نے یہ بھی لکھا کہ پاکستان پی ٹی آئی کے دور میں اپنی منزل سے دور ہوگیا، اس کا اظہار ووٹ سے کرنا ہے۔ پنجاب کو پونے 4 سال بدترین گورننس کا نشانہ بنایا گیا، شہریوں کو مفت ادویات اور طلباء کو وظائف سے محروم کیا گیا۔ سرکاری اسامیوں اور تبادلوں کی کھلے عام خرید و فروخت کی گئی، شہری سہولیات کی حالت ابتر اور لاقانونیت عروج پر رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی جو حالت کی گئی، وہ پنجاب کے لوگوں کی توہین سے کم نہیں، ووٹ کی طاقت سے انتشار، نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کریں۔

شہباز شریف کے مطابق ایک شخص کی اناء، اندازِ سیاست اور نااہلی نے معاشرے کے حسن کو تہ و بالا کرکے رکھ دیا، اپنا ووٹ قومی ترقی اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کیلئےڈالیں، مجھے آپ کی قوتِ انتخاب پر پورا بھروسہ ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.