یمن کے شہر العبدیہ میں 160 حوثی ہلاک،11 فوجی گاڑیاں تباہ
حوثی ملیشیا کو مارب صوبے میں یمنی فوج اور عرب اتحاد کے ہاتھوں کاری ضرب کا سامنا کرنا پڑا،بیان
صنعاء(امروز ویب ڈیسک)یمن میں آئینی حکومت کے حامی عرب اتحاد نے بتایا ہے کہ اس نے 24 گھنٹوں کے دوران میں العبدیہ ضلع میں حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے 32 کارروائیاں کیں۔ اتحادی فورسز نے کارروائیوں میں ملیشیا کی گاڑیوں اور جنگجوﺅں پر حملے کیے
۔میڈیارپورٹس کے مطابق عرب اتحاد نے بیان میں کہاکہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں حوثی ملیشیا کے 160 ارکان ہلاک ہوئے اور 11 گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔حوثی ملیشیا کو مارب صوبے کے مغربی حصے میں یمنی فوج اور عرب اتحاد کے ہاتھوں کاری ضرب کا سامنا کرنا پڑا۔یمنی مسلح افواج کے میڈیا مرکز کے مطابق اتحادی طیاروں نے حوثی ملیشیا کی کمک کو نشانہ بنایا۔ اس کے نتیجے میں ایران نواز ملیشیا کو بھاری جانی اور مادی نقصان اٹھانا پڑا۔
اتحادی افواج نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حوثی ملیشیا نے دیہات اور قصبوں میں شہریوں کو راکٹوں اور محاصرے کے ذریعے نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ یہ ایران نواز ملیشیا کی ہٹ دھرمی اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی کا واضح ثبوت ہے۔یاد رہے کہ حوثی ملیشیا رواں سال فروری سے اس تزویراتی اہمیت کے حامل صوبے پر حملے کر رہی ہے جو تیل کی دولت سے مالا مال ہے۔ البتہ مقامی قبائل اور یمنی فوج کی شدید مزاحمت کے باعث ایران نواز ملیشیا کی صوبے میں داخل ہونے کی کوشش ابھی تک کامیاب نہیں ہو سکی۔