زراعت کسی بھی ملک اور قوم کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے : نور محمد دمڑ
زیارت : محکمہ زراعت زیارت کے زیر اہتمام زمینداروں میں مفت ادویات تقسیم کرنے کے موقع پر ایک پروقار اور شاندار تقریب کاانعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی سئنیر صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات حاجی نور محمد دمڑ تھے،سئنیر صوبائی کا پروگرام کے موقع پر شاندار استقبال کیا گیا،گلدستہ پیش کیا گیا اور پھولوں کا ہار بھی پہنا یا گیا،پروگرام میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سمیع اللہ کاکڑ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیعی حاجی نذیر احمد پانیزئی،ضلعی صدر عبدالستار کاکڑ،چئیرمین زکوات سعداللہ دوتانی،ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ مختیار کاکڑ،ڈائریکٹر ریسرچ اختر گل،ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد الدین زرعی انجینئر ودود بازئی،زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین محمد نعیم پانیزئی،محکمہ زراعت کے افسران آمین اللہ،نصیب اللہ،صابر خان،محمد نواز،جمیل الرحمان،شاہجان دمڑ،حمداللہ ڈسٹرکٹ افسران اور کثیر تعداد میں زمینداروں نے شرکت کی۔ تقریب سے سینئر صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات حاجی نور محمد دمڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع زیارت کے عوام کا زیادہ تر گزر بسر زراعت سے وابستہ ہے،زراعت کسی بھی ملک اور قوم کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ہم زمینداروں کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں،جب زمیندار آباد اور خوشحال ہوگا تو ضلع زیارت مزید ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ زراعت کے ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کررہے ہیں،تحصیل زیارت اور تحصیل سنجاوی میں کولڈ سٹور بنائیں گے،سیب کی پروسیسنگ اور کریڈنگ مشین لگائیں گے،جدید زراعت کے لیے مزید ٹنل فراہم کریں گے،بجلی کی بحالی کے لیے اعلی حکام سے بات چیت کریں گے، منہ اور احمدون کو بھی بجلی کا الگ فیڈر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پانی نعمت خداوندی ہے ہمیں آئندہ نسلوں کے بقائکے لیے قطرہ قطرہ پانی بچانا ہوگا،ہم نے ضلع زیارت میں 18 سے زائد سٹوریج ڈیم منظور کئے ہیں۔انہوں نے کہا ضلع زیارت جہاں بھی سٹوریج ڈیم کی ضرورت ہوگی وہاں پر بھی ڈیم بنائیں گے،زیارت میں اس سال جشن زیارت کا انعقاد کیا جائے گا جس میں قومی کھیل علاقائی کھیل،ایپل شو چیریز شو اور مختلف ثقافتی کھیلوں کے مقابلے ہوں گے اور جشن زیارت دو ہفتے جاری رہے گا۔تقریب سے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیعی حاجی نذیر احمد پانیزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت زیارت کو مزید فعال کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے،کسانوں کے تمام جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں، آج کسانوں کو مفت ادویات کی فراہمی اس سلسلے کی اہم کڑی ہے،کسان زراعت کی بہتری کے لیے مزید تجاویز دیں،ان کی تجاویز پر غور کرکے زراعت کو مزید بہتر بنانے کے لیے مزید کام کریں گیپروگرام کے آخر میں سینئرصوبائی وزیر حاجی نور محمد دمڑ اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیعی حاجی نذیر احمد پانیزئی نے زمینداروں میں مفت زرعی ادویات بھی تقسیم کیں۔علاوہ ازیں محکمہ زراعت زیارت کے دفتر کی تعمیر ومرمت اور تزئین آرائش کی گئی تھی سینئر صوبائی وزیر نے اسکا بھی افتتاح کیا۔