کور کمانڈرز کانفرنس ؛ جوہری اثاثوں سے متعلق سیکیورٹی انتظامات پر مکمل اعتماد کا اظہار
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے ملک کے اسٹریٹجک اثاثوں سے متعلق سیکیورٹی انتظامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 252 ویں کور کمانڈر کانفرنس ہوئی، جس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور بالخصوص سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کے بعد کی صورتحال میں ریلیف اور بحالی کی کوششوں کے لیے سول انتظامیہ کو فوج کی مدد سے آگاہ کیا گیا۔
آرمی چیف نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام خطرات کے خلاف مادر وطن کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا کو آگاہ کیا گیا کہ ایک ذمہ دار جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاست کے طور پر پاکستان نے اپنے جوہری سلامتی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں، جو بین الاقوامی بہترین طریقوں کے برابر ہے۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے پاکستان کے مضبوط نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول اسٹرکچر اور ملک کے اسٹریٹجک اثاثوں سے متعلق سیکیورٹی انتظامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔