کراچی میں اغوا ہونے والی 7 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل

0 112

 کراچی: شہر قائد کے علاقے لانڈھی میں اغوا ہونے والی کم سن بچی کو زیادتی کے بعد موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

 7 سالہ بچی سے جنسی زیادتی اور قتل کا واقعہ لانڈھی ٹاؤن کے علاقے مسلم آباد میں پیش آیا جہاں گزشتہ روز سے لاپتہ بچی کی لاش ایک زیر تعمیر پلاٹ سے برآمد ہوئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی تفتیش کے لئے ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا جب کہ ریسکیو اہلکاروں نے بچی کی نعش کو اسپتال منتقل کیا جہاں لاش کا پوسٹمارٹم کیا گیا۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کی تصدیق ہوگئی جب کہ مقتولہ کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی موجود ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے فرانزک کرائم ٹیم اور تفتیشی حکام نے شواہد جمع کرلئے جب کہ جائے وقوعہ اور اطراف جیوفینسگ کی جارہی ہے۔

پولیس مقتولہ بچی کی رہائش گاہ اور جائے وقوعہ کے اطراف سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کررہی ہے اور ساتھ ہی رہائش گاہ اور جائے وقوعہ کے اطراف مشتبہ افراد کے بارے میں چھان بین بھی شروع کردی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان کا ڈی این اے کرایا جائے گا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تفتیشی حکام نے مقتولہ بچی کے لواحقین کا بیان بھی لے لیا۔ ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے لواحقین کی ہر ممکن مدد کرنے اور تفتیش میں کسی بھی صورت لاپرواہی نہ برتنے کی ہدایت دی۔

معاملے سے متعلق تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ بچی کے اغواء ، زیادتی اور قتل میں ملوث ملزمان بہت جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے کیوں کہ بچی کے اغواء اور قتل سے متعلق اہم شواہد ملے ہیں جن پر مختلف زاویوں سے تحقیقات کی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے کلفٹن میں بھی دو ملزمان نے سیلاب سے متاثرہ کمسن بچی کو اغواء کرکے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.