پی ٹی آئی اور اپوزیشن اتحاد کاسپیکر قومی اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ
اسلام آباد پی ٹی آئی اور اپوزیشن اتحاد نے سپیکر قومی اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق پارٹی ذرائع کاکہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے وکلا ، بہنوں نے ملاقات میں سپیکر کیخلاف عدم اعتماد کی بات کی،بانی کو اپوزیشن اتحاد اور محمود اچکزئی کے سپیکر کیخلاف عدم اعتماد کے موقف سے آگاہ کیا گیا، بانی پی ٹی آئی نے سپیکر کیخلاف عدم اعتماد کے معاملے کو آگے بڑھانے کا پلان بنانے کا حکم دیدیا۔
پارٹی ذرائع کاکہنا ہے کہ بانی نے پی ٹی آئی قیادت اور اپوزیشن اتحاد کو فیصلے پر عملدرآمد کا اختیار دیا، بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ موجودہ حکومت کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ٹف ٹائم دیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہاکہ سپیکر اور وزیراعظم دونوں کیخلاف عدم اعتماد کا سوچ رہے ہیں،پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے عدم اعتماد کا معاملہ وقتی طور پر روکا ہے،اگر عدم اعتماد لائیں تو سمجھا جائے گا کہ جنگ میں بھی سیاست کررہے ہیں،اسد قیصر نے کہاکہ سپیکر اور وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد کا آپشن زیرغور ہے،سپیکر اوروزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد کا آپشن وقت پر استعمال کریں گے۔