حافظ نعیم نے کے الیکٹرک بلز میں میونسپل ٹیکس مسترد کردیا

0 82

 کراچی: حافظ نعیم نے کے الیکٹرک بلز میں میونسپل ٹیکس مسترد کردیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ مسائل کا گڑھ بن چکا، حکومت ریلیف کے لئے اقدامات نہیں کررہی ، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بیماریاں پھوٹ رہی ہیں ، جاگیردار وڈیرے 75 سال سے پاکستان پر قابض ہیں، سندھ کی بربادی اس نظام کو چلانے والوں پر عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی ایڈمنسٹریٹر بڑے دھڑلے سے کہتے ہیں مچھر مار اسپرے کے لئے 25 مشینیں کام کررہی ہیں، جبکہ جماعت اسلامی کی الخدمت کی  ہی 25 مشینیں کام کررہی ہیں، کراچی کے ساڑھے 3 کروڑ لوگ بدترین مسائل سے دوچار ہیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ عدالت سے توقع ہے کہ فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں ریلیف ملے گا، لوگوں کے لئے بجلی کے بل کی ادائیگی مشکل کردی گئی، کے الیکٹرک میونسپل ٹیکس کسی صورت قابل قبول نہیں، وزیراعلی سندھ نے اگر یہ فیصلہ واپس نہ لیا تو ان کا حکومت کرنا مشکل ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کچرے کو صاف نہیں کررہے لیکن چارجز عائد کردیے گئے، حکومت سندھ اور کے الیکٹرک سن لے یہ چارجز قابل قبول نہیں، 24 تاریخ کو اس پر ریفرنڈم کرانے جارہے ہیں، عوام سے رائے لیں گے فیول ایڈجسمنٹ اور چارجز واپس نہ لئے گئے تو کیا ہم بجلی کے بل ادا کریں یا نہیں، حکومت اور کے الیکٹرک مافیا کے خلاف جدوجہد کریں گے اور سڑکوں پر آئینگے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.