ٹیکساس ‘آسٹن سے تعلق رکھنے والے 7سالہ بچے کو ہٹلر قراردیدیاگیا
آسٹن (امروز نیوز) امریکی ریاست ٹیکساس کے دارالحکومت آسٹن سے تعلق رکھنے والے 7 سالہ بچے کو میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کیلئے چندہ اکٹھا کرنے پر اسے ہٹلر قرار دے دیا گیا۔7 سالہ بینٹن سٹیونز نے امریکی صدر ٹرمپ کی مدد کیلئے اپنے شہر میں فنڈ ریزنگ مہم شروع کردی۔ ٹرمپ کو میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے معاملے پر کڑی تنقید کا سامنا ہے لیکن اس بچے نے اپنے پسندیدہ لیڈر کی مدد کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔ اپنی ماں کی مدد سے بینٹن نے ایک شاپنگ مال کے باہر سٹال لگایا اور ہاٹ چاکلیٹ کی فروخت شروع کردی۔ اس اقدام سے اس نے ایک ہزار سے زائد ڈالر اکٹھے کرلیے لیکن بعد میں اسے اپنا یہ سٹال بند کرنا پڑا۔بینٹن کے والدین امریکہ کی حکمران ریپبلکن پارٹی کے ارکان ہیں، انہوں نے فیس بک کے ذریعے لوگوں سے بینٹن کی مدد کی اپیل کی۔ 7 سالہ بچے کے والد شین سٹیونز نے اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں بتایا ہے کہ ٹرمپ کی دیوار کیلئے اب تک 2221 ڈالرز اکٹھے ہوچکے ہیں۔بچے کے والدین پر الزام عائد کیا جارہا ہے کہ انہوں نے سیاسی مقاصد کیلئے اپنے 7 سالہ بچے کو استعمال کیا ہے لیکن بینٹن کی والدہ اس الزام کی تردید کرتی ہیں۔ بچے کی ماں جینیفر کا کہنا ہے کہ جب صدر ٹرمپ نے دیوار کے حوالے سے ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیا تھا تو اس وقت بینٹن نے ہم سے پوچھا کہ یہ دیوار کیا ہے ، کیوں اور کہاں تعمیر کی جارہی ہے۔ ’ میں نے اسے دیوار کے اغراض و مقاصد بتائے تو اس نے کہا کہ میں بھی اس کام میں صدر ٹرمپ کی مدد کروں گا، اس کے بعد اس نے اپنے دوسرے بھائیوں کے ساتھ مل کر یہ سٹال لگایا۔بینٹن کی والدہ جینیفر کا کہنا ہے کہ سٹال لگنے کے بعد انہیں لوگوں کی جانب سے کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ لوگ بینٹن پر مختلف جملے کستے رہے ہیں اور ایک شخص نے تو اسے ہٹلر بھی قرار دے دیا تھا۔خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کیلئے امریکہ میں ایمرجنسی کا اعلان کررکھا ہے۔ یہ ایمرجنسی کانگریس کی جانب سے دیوار کی تعمیر کیلئے فنڈز فراہم نہ کرنے کے بعد نافذ کی گئی ہے۔ اس اقدام سے ٹرمپ کو 8 ارب ڈالر تک کے فنڈز حاصل ہوسکتے ہیں۔