اسلاموفوبیا کا انسداد وقت کی اہم ضرورت، سینکڑوں مسلم علما ءکی دنیا سے اپیل
برلن/واشنگٹن/عمان(امروز نیوز)نیوزی لینڈ میں دو مساجد پر دہشت گردانہ حملوں کے تناظر میں ساڑھے تین سو سے زائد مسلم علما ءاور سرکردہ رہنماﺅں نے مغربی ریاستوں کی حکومتوں اور میڈیا سے اپیل کی ہے کہ وہ منظم اور اداروں تک کی سطح پر پائے جانے والے اسلاموفوبیا کے انسداد کے لیے زیادہ اقدامات کریں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سامنے آنے والی اس اپیل کی دستاویز پر جرمنی، برطانیہ، امریکا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، عراق اور اردن سے تعلق رکھنے والے ساڑھے تین سو سے زائد مسلم رہنماﺅں، علما، اور دیگر سرکردہ شخصیات نے دستخط کیے۔ اس دستاویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مسلمانوں اور اسلام کے خلاف نفرت انگیزی میں چند لا پرواہ سیاستدان، تعلیمی شعبے سے وابستہ شخصیات اور کچھ میڈیا ادارے بھی ملوث ہیں۔