بلوچستان ، نوجوانوں، بنیادی خواندہ بیروزگار مرد و خواتین کو ای کامرس کی تربیت دیکر روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے ،ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی

0 172

پاکستان میں ای کامرس کے ذریعے ہزاروں افراد گھر بیٹھے کاروبار کررہے ہیں،بلوچستان میں ای کامرس کی بنیادی آگاہی اور تربیت کے مواقع نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کی اکثریت ای کامرس سے نابلد ہے،پارلیمانی سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی

کوئٹہ پارلیمانی سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں نوجوانوں اور بنیادی خواندہ بیروزگار مرد و خواتین کو ای کامرس کی تربیت دیکر روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے پاکستان میں ای کامرس کے ذریعے ہزاروں افراد گھر بیٹھے کاروبار کررہے ہیں تاہم بلوچستان میں ای کامرس کی بنیادی آگاہی اور تربیت کے مواقع نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کی اکثریت ای کامرس سے نابلد ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پوڈ کاسٹرز اور فری لانسرز کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ سال چار ارب ڈالر جبکہ دنیا بھر میں 30 کھرب ڈالر کی ای کامرس ہوئی، حکومت نے فری لانسزر کے لیے متعدد اقدامات کئے ہیں ،سال 2020 میں فری لانسر کے لیے ماہانہ رقم منگوانے کی حد پانچ ہزار ڈالر تک تھی جسے حکومت نے بڑھا کر 25 ہزار ڈالر ماہانہ کر دیا ہے اس اقدام کی وجہ سے بیرون ملک سے اس شعبے میں زرمبادلہ کی آمدن 214 ملین ڈالر سے بڑھ کر 396 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای کامرس کے شعبہ میں جدت آ رہی ہے، اس کے ذریعے برآمدات کو آسان بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں تقریباً دس لاکھ کے قریب فری لانسرز ہیں مگر وہ کہیں رجسٹرڈ نہیں تاہم وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ان کی رجسٹریشن کا عمل حال ہی میں شروع کیا ہے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان آئی ٹی پارک ایک غیر معمولی پیش رفت ہے جس سے صوبے میں آئی ٹی ٹیکنالوجی کے نئے دور کا آغاز ہوگا ۔

ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ پاکستان میں اکتوبر 2019 میں ای کامرس پالیسی بنائی گئی جس کے تحت ای کامرس کو رجسٹرڈ تجارت کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ بلوچستان کے مرد و خواتین کو ای کامرس میں آگے لاکر صوبے میں متبادل ذرائع تجا رت سے لوگوں کی آمدن میں اضافے کے لئے اقدامات کو موثر بنایا جائے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.