مجھ سے اس لاک ڈاؤن کی توقع کررہے تھے جو نریندر مودی نے کیا عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لوگ مجھ سے اس لاک ڈاؤن کی توقع کررہے تھے جو نریندر مودی نے کیا، لیکن اللہ کا شکر میں نے اس دباؤ کی مزاحمت کی اور وہ لاک ڈاؤن نہیں لگایا۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اگر مجھ سے صوبے پوچھ لیتے تو میں کبھی اس طرح کا لاک ڈاؤن نہیں ہونے دیتا کیوں کہ جب لاک ڈاؤن لگائیں تو پہلے یہ سوچنا چاہیے کہ اس کے معاشرے کے دیگر طبقات پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔
سماجی تحفظ کے پروگرامز احساس اور وزیراعظم کووِڈ ریلیف فنڈ کے حوالے سے منعقدہ ایک بریفنگ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں 30 سال سے پیسہ اکٹھا کرنے والے فنڈ ریزر کے طور میں یہ کہتا ہوں کہ پاکستانی قوم میں عطیہ کرنے کا جو جذبہ پایا جاتا ہے اسے کوئی بھی اس طرح نہیں سمجھتا جس طرح میں سمجھتا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ جب میں نے (شوکت خانم کے لیے) عطیات جمع کرنا شروع کیے تو یہ میرے لیے بھی ایک عجیب تجربہ تھا کیوں کہ میں پاکستان کے سب سے مہنگے اسکول میں یہ سوچ کر گیا کہ وہاں لوگوں سے عطیات اکٹھے کرلوں گا لیکن آخر میں مجھے عطیات عام لوگوں نے ہی دیے۔