ضمیر گوارا نہیں کرتا کہ پرویز الہیٰ جیسے ڈاکو کو ووٹ دوں، پی ٹی آئی ایم پی اے
تحریک انصاف کے ایم پی اے چوہدری مسعود احمد کا کہنا ہے کہ میرا ضمیر گوارا نہیں کرتا کہ پرویزالہیٰ جیسے ڈاکو کو ووٹ دے کر ضائع کروں۔
پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب کل بروز جمعہ 22 جولائی کو ہونا ہے، اور پنجاب میں سیاسی جوڑ توڑ بھی عروج پر ہے۔
پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے مسلسل الزامات عائد کئے جارہے ہیں کہ ان کے ایم پی ایز کو غیرمعمولی رقوم کے عوض خریدا جارہا ہے، تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے گزشتہ انتخاب میں پی ٹی آئی کی جانب سے چوہدری پرویز الہیٰ کو امیدوار بنانے پر متعدد ایم پی ایز نے ناراضی کا اظہار کیا تھا۔
اب ضمی انتخابات کے بعد پی ٹی آئی کی واضح برتری کے باوجود حتمی طور پر کہا نہیں جاسکتا کہ کل ہونے والے انتخاب میں وزیراعلیٰ پنجاب کا سہرا کس کے سر سجے گا۔
رحیم یار خان کے حلقہ پی پی 257 سے پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری مسعود احمد نے بھی اپنی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ کو ووٹ نہ دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں چوہدری مسعود احمد نے کہا کہ الحمداللہ میرا ضمیر مجھے گوارا نہیں کرتا کہ میں پرویز الٰہی جیسے ڈاکو کو اپنا ووٹ دے کر ضائع کرو اس لئے میں ملک سے باہر جارہا ہوں واپسی پر اپنے سیاسی مستقبل کا اعلان کروں گا۔