لسبیلہ میں ڈیم اور دیگر ترقیاتی سکیموں پر تیزی سے کام ہورہا ہے، جام کمال
حب (امروز ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان دو روزہ دورے پر ہفتے کے روز لسبیلہ پہنچے جہاں پر انہوں نے مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کرنے کے علاوہ حب میں 150ملین روپے کی لاگت سے مشرقی بائی پاس سڑک کے منصوبے کے باقاعدہ سنگ بنیاد رکھا۔ مذکورہ سڑک حب کو ساکران سے ملائے گی جس کو ایک سال کی مختصر مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے مغربی بائی پاس سڑک حب کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا اس موقع پر وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ مغربی بائی پاس روڈ پر 2019کو 643.099 ملین روپے کی لاگت سے تعمیراتی کام شروع کیاگیا تھا یہ سڑک صنعتی شہر حب کو کراچی سے ملائے گی۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری دھنیش کمار،سابق صوبائی وزیر پرنس علی بلوچ کے علاوہ سیکرٹری روڈز سلیم اعوان ودیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے بریفنگ کے دوران ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے اور بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مشرقی بائی پاس سڑک کی تعمیر سے نقل و حمل میں بے پناہ آسانیاں پیدا ہوں گی اسی طرح مغربی بائی پاس روڈ پر روزانہ ہزاروں گاڑیوں کو آمدورفت کی بہترین سہولت ملے گی بلوچستان کے ہر ضلع میں ترقیاتی منصوبے شروع کررکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سڑکیں بنانے سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی،عوام خوشحال ہوگی اور انہیں روزگار کے وسیع مواقع بھی میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان کے ہر علاقے کی یکساں ترقی ہو۔ لسبیلہ میں ڈیم اور دیگر ترقیاتی سکیموں پر تیزی سے کام ہورہا ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان صوبائی وزراء میر عارف جان محمد حسنی، میر ضیاء اللہ لانگو، پارلیمانی سیکرٹری دھنیشن کمار ودیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ وندر کے علاقے کھر کھیڑاپہنچے جہاں انہوں نے N-25تا ڈام سڑک کی بہتری و بحالی کے منصوبے کابھی افتتاح کیا۔ سڑک کی تعمیر کا تخمینہ لاگت109.939ملین ہے۔