آئندہ نسلوں کیلئے منشیات سے پاک اور محفوظ معاشرے کی تشکیل یقینی بنانا ہوگی، اعجاز شاہ

0 79

اسلام آباد (امروز ویب ڈیسک) وفاقی وزیر انسداد منشیات بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ نوجوان نسل میں منشیات کے نقصانات سے متعلق آگاہی ضروری ہے، آئندہ نسلوں کیلئے منشیات سے پاک اور محفوظ معاشرے کی تشکیل کو یقینی بنانا ہے۔

یہ بات انہوں نے منگل کو ریجنل ڈائریکٹوریٹ اینٹی نارکوٹکس کنٹرول اے این ایف راولپنڈی اور ری ہیبلی ٹیشن سینٹر کے دورہ کے موقع پر کہی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ منشیات کے شکار افراد کی بحالی کے لیے سہولیات مزید بہتر کی جائیں۔

انہوں نے زیر علاج افراد کی فوری بحالی کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بحالی کے ایسے مزید ادارے قائم کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے شکار افراد کی پروفیشنل ٹریننگ بھی کروائی جائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ منشیات کے شکار افراد کی بحالی کے لیے حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کا دھیان رکھا جائے کہ تندرست ہونے والے افراد دوبارہ اس لعنت میں گرفتار نہ ہوں۔ صحت یاب ہونے کے بعد بھی ان کا باقاعدہ چیک اپ جاری رہنا چاہئے۔ وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے اے این ایف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ملک و قوم کے روشن مستقبل کے لیے منشیات کے مسئلے پر قابو پانا بہت ضروری ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.