بلوچستان ہائیکورٹ نے گیس کی بلوں میں سلو میٹر چارجزکوغیر قانونی قرار دے دیا
کوئٹہ (امروز ویب ڈیسک )بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس جناب جسٹس عبدالحمید بلوچ پر مشتمل بنچ نے ایس ایس جی سی کی جانب سے صارفین کو پی یو جی /سلو میٹر چارجز بھیجنے کو خلاف قانون قرار دے دیا ۔گزشتہ روز سینئر قانون دان سید نذیر آغا ایڈووکیٹ ، فرزانہ خلجی ایڈووکیٹ اور سلطانہ ثروت ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر آئینی درخواست نمبر 813/2021کی سماعت کے دوران درخواست گزاران ،زیارت بار ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکرٹری کاشف کاکڑ پانیزئی ایڈووکیٹ ، رخسانہ کاکڑ ایڈووکیٹ
، پا کستان پیپلز پارٹی کو ئٹہ سٹی کے صدر نو ر الدین کا کڑ ودیگر عدالت میں پیش ہوئے ۔ سماعت کے موقع پر عدالت نے پی یو جی /سلو میٹر چارجزسے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے اسے کالعدم قرار دیا اور کہا کہ یہ آئین کے آرٹیکل 8، 9اور 25سے متصادم ہے ۔
عدالت نے ایڈیشنل ڈیپازٹ چارجز سے متعلق قرار دیاکہ اگر کسی صارف کو اس سلسلے میں شکایت ہے تو وہ کنزیومر کورٹ سے رجوع کرے ، عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ کسی بھی صارف کے میٹر اتارنے سے قبل صارف کو نوٹس جاری کیا جائے اگر صارف کی جانب سے 15دن تک نوٹس کا جواب نہ دیا جائے تو پھر متعلقہ تھانے سے مدد لے کر صارف کی موجودگی میں میٹر اتارا جائے ۔عدالت نے پریشر ریگولیشن سٹیشنز( پی آرایس )سے متعلق مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی ہدایات جاری کیں ۔ سماعت کے دوران درخواست گزار سید نذیرآغا ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایاکہ کوئٹہ سے پشین تک ایک سو 60پریشر ریگولیشن سٹیشنز( پی آر ایس ) ہےں جبکہ زیارت تک 72پی آر ایس اور قلات و مستونگ تک پی آر ایس کی تعداد درجنوں میں ہے جہاں لوگ اپنے علاقوں کو گیس پریشر کی بہتری کے لئے دوسرے صارفین کے گیس سپلائی کو بند کردیتے ہیں جس پر عدالت نے کمپنی حکام کو ہدایت کی
کہ وہ اس پریکٹس کو روکے اور اگر اس سلسلے میں کمپنی حکام کو مشکلات ہے تو وہ ضلعی انتظامیہ ، پولیس اور لیویز سے اس سلسلے میں مدد لے تاکہ کسی صارف کی حق تلفی نہ ہو ۔ سماعت کے دوران سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے ضلع زیارت گیس پریشر سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ زیارت کے 6ہزار سے زائد صارفین کو گیس کی فراہمی کے لئے کچلاک سے 16قطر کے پائپ لائن سے گیس کی سپلائی شروع کی گئی لےکن راستے میں آنے والے 70سے زائد کلیوں میں پریشر ریگولیشن اسٹیشنزو دیگر کے ذریعے زیارت کو گیس پریشر متاثر ہوجاتی ہے اس لئے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ ضلعی انتظامیہ سے پی آر ایس سینٹرز کے ذریعے گیس پریشر میں کمی اور اس کی بندش کی غیر قانونی اقدام کے خلاف مدد کی استدعا کرتی ہے ۔
عدالت نے اگلی سماعت پر زیارت میں گیس کی فراہمی کو سٹریم لائن کرنے ، پریشر کی بحالی ، پی آر ایس اسٹیشنز بند کرنے والوں کے خلاف کارروائی ، اس سلسلے میں تحفظ کی فراہمی اور دیگر سے متعلق رپورٹ جمع کرانے اور ڈپٹی کمشنر کو اس سلسلے میں تعاون کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ گیس اور بجلی کے مسائل سے متعلق دائر آئینی درخواست کی سماعت ووکیشن جج بھی کرے گا ۔ بعد ازاں آئینی درخواست کی سماعت 13جنوری تک ملتوی کردی گئی ۔