ہائی ویز سے ایف سی کی چیک پوسٹوں کو ختم کردیا ہے : آئی جی میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ
لورالائی (آئی ایس پی آر) انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ نے لورالائی میں طلبہ سے ملاقات کی- فرنٹیئرکور بلوچستان (نارتھ) کی جانب سے یونیورسٹی آف لورالائی، بلوچستان ریزیڈنشیل کالج اور میڈیکل کالج لورالائی کے طلبہ اور فیکلٹی ممبران کو فرنٹیئر کور کی 66ویں ریکروٹمنٹ بیچ فیز I کے پاسنگ آؤٹ کے موقع پر مدعو کیا گیا تھا۔ پاسنگ آؤٹ کے بعد طلبہ کی آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) سے ملاقات کرائی گئی۔ کالجز اور یونیورسٹی کے طلبہ سے بات چیت کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ نے کہا کہ فرنٹیئر کوربلوچستان مغربی سرحدوں کا دفاع کر رہی ہے اور بلوچستان کی 65 فیصد آبادی کو تحفظ فراہم کر رہی ہے۔ 66ویں ریکروٹس بیچ میں 100 فیصد مقامی بلوچ اور پشتون بھرتی کیے گئے ہیں جبکہ آنے والے سالوں میں بلوچستان کے کوٹے میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹیئر کور صوبے کی تعلیم میں بہتری کے لیے کوشاں ہے، فرنٹیئرکور بلوچستان (نارتھ) صوبے میں 83 ایف سی پبلک سکول اور کالجز چلا رہے ہے جس میں مقامی طلباء کو 50 فیصد مفت تعلیم دی جا رہی ہے۔ چمالنگ کوئلے کے منصوبوں میں سے 4500 مقامی طلباء کو پاک فوج اور ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی طرف سے سپانسر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے ہائی ویز سے ایف سی چیک پوسٹوں کو ختم کر دیا ہے۔ آئی جی ایف سی نے کہا کہ فرنٹیئر کور قدرتی آفات جیسے ہرنائی کا زلزلہ، پیر کوہ ڈیرہ بگٹی میں پانی کی کمی اور شیرانی میں جنگلات کے جلنے کے دوران اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹیئر کوربلوچستان (نارتھ) نے پچھلے ڈیڑھ سال میں 2000 سے زیادہ میڈیکل کیمپ لگانے کے علاوہ مقامی لوگوں کو مفت راشن اور مالی مدد بھی فراہم کی ہے۔ سوال و جواب سیشن کے دوران آئی جی ایف سی نے طلباء اور فیکلٹی ممبران کے لیے آفیسر میس کوئٹہ میں مفت رہائش اور کوئٹہ کیلئے سٹڈی ٹور کا اعلان کیا ہے۔