بارشوں اور سیلاب سے صورتحال مزید ابتر، اشیائے خور و نوش کی قلت

0 87

سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں جاری بارشوں نے پہلے سے ابتر صورت حال کو مزید سنگین کردیا ہے۔

کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ گزشتہ روز شروع ہوا، جس نے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

کراچی

کراچی میں مون سون بارشوں کا نیا اسپیل گزشتہ روز سے اپنا رنگ جما چکا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گڈاپ ٹاؤن 23، گلشن حدید اور سرجانی21، قائد آباد 16، سعدی ٹاؤن 15، نارتھ کراچی 13، گلشن معمار ، اورنگی 10، جناح ٹرمینل اور فیصل بیس 09، صدر 08، کورنگی 06، ڈی ایچ اے اور یونیورسٹی روڈ 05، مسرور بیس، کیماڑی اور ایم او ایس 04 جبکہ ناظم آباد 03 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

سندھ

سندھ حکومت نے مون سون کی مسلسل بارشوں اور سیلاب کے باعث صوبے کے 23 اضلاع کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے جب کہ بارشوں کے پیش نظر جمعرات تک تمام تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے ہیں۔

مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ گزشتہ روز ٹھٹہ سے شروع ہوا جس نے بتدریج مختلف علاقوں کو اپنے لپیٹ میں لے لیا۔

حیدر آباد میں بارشوں سے اہم شاہراہيں ایک مرتبہ ڈوب گئيں، نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا ہے۔

ٹھٹہ اور گرد و نواح کے علاقوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، شاہی بازار میں بارش اور گٹر کا پانی جمع ہونے سے تاجروں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔

دادو میں رات گئے طوفانی بارشوں نے ایک بار پھر تباہی مچا دی ہے۔شہر اور نواحی دیہات ڈوب گئے، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں،جب کہ میونسپل کمیٹی دادو منظرعام سے غائب ہے ۔

نئی بارشوں کے بعد ٹنڈو الہيار ميں سيکڑوں مکانات منہدم جب کہ ہزاروں ايکڑ زرعی اراضی زیر آب آگئی ہے۔

کندھ کوٹ میں چھت اور دیواریں گرنے کے واقعات ميں 5 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

سکھر کے بیشتر علاقوں سے گزشتہ بارش کا پانی تاحال نکالا نہ جا سکا ۔ جس کے خلاف ڈی سی آفس کے سامنےشہریوں نے احتجاج کیا ہے۔

نوشہروفیروز میں ہر جانب پانی ہی پانی ہے، صورتحال کے باعث لوگ اپنے مال مويشيوں کے ہمراہ محفوظ مقامات پر نقل مکانی کررہے ہیں۔

زمینی رابطے منقطع ہونے کی وجہ سے خیرپور اور دیگر علاقوں میں کھانے پینے کی اشیا کی قلت پیش ہوگئی ہے۔

بلوچستان

سندھ کی طرح بلوچستان کے کئی اضلاع بھی مسلسل بارشوں سے ایک نیا انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، میں جاں بحق افراد کی تعداد 230 ہو چکی سیلابی ریلوں سے اب تک 30 ہزار سے زائد مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔

مسلسل بارشوں کے باعث بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی ہے، کوہلو میں باتش سے متاثرہ افراد نے سرکاری عمارتوں میں پناہ لے رکھی ہے اور دارالحکومت سے کوہلو کا زمینی رابطہ گیارہویں روز بھی منقطع ہے۔

ضلع خضدار میں بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی برقرار ہے ضلعی انتظامیہ پھنسے افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر رہی ہے جبکہ ایم 8 قومی شاہراہ کی بحالی کام بھی تیزی سے جاری ہے۔

ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں برساتی نالے میں ڈوبنے والے دو افراد کی تلاش کے لئے پاکستان نیوی کے غوطہ خوروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

انتطامیہ کی جانب سے متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم کے باوجود اکثر متاثرین اب بھی امداد کے منتظر ہیں، عوام کی شکایت ہے کہ من پسند لوگوں کو راشن تقسیم کر دیا جاتا ہے۔

جنوبی پنجاب

کوہ سلیمان کے پہاڑوں سے آنے والے سیلابی ریلے جنوبی پنجاب میں خوفناک تباہی مچا رہے ہیں۔ سیلابی ریلوں سے راجن پور شہر 80 فی صد ڈوب چکا ہے، ڈیرہ غازی خان میں بھی کئی بستیاں زیر آب آ گئی ہیں۔متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا امدادی آپریشن جاری ہے۔

بستی لوہار والا کے مقام پر حفاظتی بند بہہ گیا، جس کی وجہ سے مریضوں کو اسپتال پہنچانا بھی مشکل ہوگیا، مریض کو چارپائی کے ساتھ باندھ کر رسیوں کےذریعے پل کی دوسری جانب منتقل کیاگيا۔

کوٹلہ عیسن کے قریب کراچی پشاور قومی شاہراہ پر شگاف پڑنے سے ٹریفک کا بہاؤ شدید متاثر ہوا ہے۔ راستوں کی بندش کی وجہ سے ڈیرہ غازی خان میں خوراک کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

دوسری جانب سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے- پاک فوج کے جوان ہیلی کاپٹروں پر دورافتادہ قبائلی علاقوں میں لوگوں کی مدد کو پہنچ گئے، راشن اور دیگرامدادی سامان پہنچایا۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز سندھ، شمال مشرقی بلوچستان ، خیبر پختونخوا، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس دوران مشرقی بلوچستان، سندھ، جنوبی خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب، خطہ پوٹھوہار،کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے جمعرات کے روز شمال مشرقی بلوچستان ، خیبرپختونخوا ، پنجاب،سندھ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.