سرکاری محکموں کے لئے جتنی بھی زمین الاٹ کرسکتے ہیں اس کی منظوری دی جائیگی، چیف سیکرٹری بلوچستان
کوئٹہ (امروز ویب ڈیسک)چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت لینڈ ایویلوایشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹری عابد سلیم، سینئیر سیکرٹری بورڈ آف ریونیو نصراللہ خان، کمشنر کوئٹہ سہیل الرحمن بلوچ جبکہ دیگر ڈویڑنل کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں تمام ڈویڑنز کے ایجنڈے پیش کئے گئے جس میں کوئٹہ کے 9، مکران 15، رخشاں 15، ڑوب 09 جبکہ نصیر آباد کے 11 کیسز منظوری کے لیے پیش کئے گئے جن کی کمیٹی نے منظوری دے دی۔
چیف سیکرٹری نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ صوبے کی تمام ضلعوں اور تحصیلوں میں قبرستانوں کے لیے زمین الاٹ کرنے کے کیسز کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں پیش کئے جائیں جو کہ ایک ہفتے بعد منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ قبرستانوں میں تدفین کے لیے جگہ کی عدم دستیابی کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے، یہ ایک کار خیر ہے اور ضرورت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی سرکاری زمین ذاتی مفادات کے لیے استعمال نہیں ہوگی یہ صرف اور صرف سرکاری دفاتر اور سرکاری رہائش گاہ کیلئے ہوگی۔
انہوں نے کمشنرز کو ہدایت کی کہ کسی محکمہ کی زمین متعلقہ محکمہ سے این او سی لیے بغیر کسی دوسرے محکمے کو الاٹ نہیں کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں کے لئے جتنی بھی زمین الاٹ کرسکتے ہیں اس کی منظوری دی جائیگی۔