بارڈر ٹریڈ پر پابندی ختم ، اسمگلنگ پر پابندی عائد کی جائے : نصر اللہ زیرے

0 30

کوئٹہ : پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹری ورکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے کوئٹہ میں دیگر پارلیمنٹرینز کی موجودگی میں ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے وزیر اعظم کو صوبے کے پشتون علاقوں میں قحط اور طویل خشک سالی سے درپیش صورتحال، زیر زمین پانی کی کرتی ہوئی خطرناک صورتحال،پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے میگاپروجیکٹ کے طور پر ڈیمز کی تعمیر، مالی سال 2022-23وفاقی بجٹ میں کم از کم 4کھرب روپے مختص کرنے، فوری طور پر درخت لگانے اور جنگلات کی فروغ وتحفظ کیلئے اقدامات اٹھانے، اس کے علاوہ باڈر ٹریڈ پر پابندی ختم کرنے کی تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو،قائمقام گورنر، وفاقی وصوبائی وزراءاور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے کہا کہ صوبے کے پشتون علاقوں میں خصوصاً پانی کی قلت کا شدید سامنا ہے زیر زمین پانی کی گرتی ہوئی سطح انتہائی خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے پانی اب 1200فٹ پر بھی میسر نہیں جس کے باعث ایک جانب پینے کے صاف پانی کی قلت اور دوسری جانب زراعت،لائیو سٹاک تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہیں ہمیں ہنگامی بنیادوں پر بارانی،سیلابی ریلوں کے پانی کو ذخیرہ کرنے کی ضرورت ہے اور اس کیلئے ہمیں ڈیمز چاہیے جس کیلئے وفاقی حکومت کو آنیوالے وفاقی پی ایس ڈی پی میں کم سے 400ارب (4)کھرب کی رقم رکھنی ہوگی اور صوبے کے دیگر اضلاع بالخصوص مستونگ، قلات، خضدار میں ڈیمز کی ضرورت ہے۔ اور اس کے ساتھ ساتھ جنگلات کی ضرورت ہے ہمیں درختوں کی شجر کاری کرتے ہوئے جنگلات کو فروغ دینا ہوگا اور موجودہ جنگلات کی تحفظ کیلئے اقدامات اٹھانے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے عوام کا معاشی انحصار زراعت اور لائیو سٹاک سے تھا لیکن ان کی تباہی کے بعد واحد ذریعہ معاش باڈر ٹریڈ ہے جس پر مسلسل بندش کے باعث ہمارے عوام آج دو وقت کی روٹی کیلئے بھی محتاج بنتے جارہے ہیں پشتونخواملی عوامی پارٹی ڈیورنڈ لائن پر ہر قسم کے اسلحہ، منشیات اور دہشتگردانہ مواد کی اسمگلنگ کرنیوالوں کی مذمت کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کامطالبہ کرتی ہے جبکہ اس کے علاوہ باقی تمام اشیاءجو کہ باڈرٹریڈ کا حصہ ہے پر فی الفور پابندی ہٹاکر ہمارے عوام کو تجارت وکاروبار کی اجازت دی جائیں کیونکہ اس وقت ہمارے عوام کا معاشی انحصار باڈر ٹریڈ سے وابستہ ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ان تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور انہیں ہم زیر غور لاچکے ہیں اور جلد ہی باڈر ٹریڈ کی اجازت اور پانی کی قلت کے حوالے سے فیصلے کیئے جائینگے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.