پریس کانفرنس کرنے والوں کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں، فواد چوہدری
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومتی اتحاد کے جن قائدین نے پریس کانفرنس کی ان کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔
حکمران اتحاد کی پریس کانفرنس کے جواب میں اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ کچھ دیر پہلے آپ نے ایک فلم دیکھی جس کا نام لندن ہی جاؤں گی تھا۔ فلم کے سارے کردار بھی ساتھ تھے، یہ پریس کانفرنس مریم اورنگزیب کے شوہر کی جانب سے منعقد کی گئی، اس پریس کانفرنس میں سپریم کورٹ پر براہ راست حملہ کیا گیا۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومتی اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ یہ ایک سسلین مافیا ہے، یہ وہ مافیا ہے جو سپریم کورٹ کو دھماکے سے اڑاتے ہیں، مریم نواز عدلیہ کے خلاف پریس کانفرنس کر رہی ہیں جو خود ضمانت پر رہا ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ سے کہتے ہیں کہ پریس کانفرنس کرنے والوں کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں، مریم نواز نے جن 539 ٹویٹر اکاؤنٹس کو فالو کیا ہے، ان سے 11 ہزار ٹویٹس سپریم کورٹ کے خلاف کی گئی ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مریم اورنگزیب کو تو 14 سال سزا ہونی چاہئے، مریم اورنگزیب کے شوہر کو ایک کروڑ سگریٹ کے حوالے سے ٹھیکا دیا گیا۔
سپریم کورٹ کے فل کورٹ بینچ کی تشکیل کے مطالبے پر فواد چوہدری نے کہا کہ فل کورٹ کے مطالبے کا مقصد کیس کو طول دینا ہے، فل بینچ چیف جسٹس کی صوابدید ہے، باہر سے استدعا کرنا جائز نہیں، امید ہے سپریم کورٹ کسی دباؤ میں نہیں آئے گی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا پنجاب سے کیا تعلق رہ گیا، ان کی پنجاب اسمبلی میں 6 تو سیٹیں ہیں، بھانت بھانت کے لوگ پارٹی میں بھرے ہوئے ہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ وہ ذوالفقار بھٹو کے نواسے ہیں، بینظیر بھٹو ساری عمر شریف برادران کے عتاب کا نشانہ رہیں، بلاول بھٹو زرداری کو یاد دلانا پڑتا ہے (ن) لیگ نے آپ کی والدہ پر کیا ستم نہیں ڈھائے۔ آپ نے سندھ کو تباہ کر دیا، سندھ میں بارش سے پورا کراچی سوئمنگ پول بن جاتا ہے، کراچی پانی سے بھر گیا، بلاول وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے نیوز کانفرنس کر رہے ہیں۔
پنجاب کابینہ کی حلف برداری پر فواد چوہدری نے کہا کہ حمزہ ووٹ سےنہیں سپریم کورٹ کے فیصلے سے وزیراعلیٰ ہے، حمزہ شہباز ، جنہوں نے حلف لیا اور گورنر پنجاب توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں، آپ میں تھوڑی شرم حیاء ہے تو سپریم کورٹ سے معافی مانگیں۔
مریم نواز بچوں کی طرح چیخ وپکار کر رہی ہیں
پریس کانفرنس کے دوران شیریں مزاری نے کہا کہ مریم نواز بچوں کی طرح چیخ وپکار کر رہی ہیں، وہ عدلیہ پر حملے کررہی ہیں۔
شیریں مزاری نے کہا کہ یہ لوگ پاکستان کو ڈبو رہے ہیں ، تین ماہ میں پاکستان کا حشر نشر کیا گیا، ان کی بھارت کے ساتھ پرانی دوستیاں ہیں، وقت آگیا ہے پاکستان کے لیے سوچیں۔