ٹیکس پر ٹیکس اور مہنگائی پر مہنگائی عوام کے بنیادی آئینی ومعاشی حقوق کی خلاف ورزی ہے، شہبازشریف

0 105

شہبازشریف کا پٹرولیم مصنوعات، ایل پی جی اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں مزید اضافے کی پارلیمنٹ کے اندر بھرپور مخالفت کرنے کا اعلان
ٹیکس پر ٹیکس اور مہنگائی پر مہنگائی عوام کے بنیادی آئینی ومعاشی حقوق کی خلاف ورزی ہے ، عوام کے معاشی آئینی حقوق کا تحفظ پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، اپوزیشن لیڈر
اسلام آباد (امروز ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پٹرولیم مصنوعات، ایل پی جی اور دیگر اشیاءکی قیمتوں میں مزید اضافے کی پارلیمنٹ کے اندر بھرپور مخالفت کرنے کا اعلان کردیا ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ ٹیکس پر ٹیکس اور مہنگائی پر مہنگائی عوام کے بنیادی آئینی ومعاشی حقوق کی خلاف ورزی ہے ،عوام کے معاشی آئینی حقوق کا تحفظ پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔

انہوںنے کہاکہ صرف اشیاءمہنگی کرنے سے معیشت ٹھیک کرنے کی کوشش سراسر حماقت ہے ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 سے 9 روپے مزید اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے ۔ انہوںنے کہاکہ 16 اکتوبر کو حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر تک پہلے ہی اضافے کا ظلم عوام پر ڈھا چکی ہے ،باربار خبردار کررہا ہوں کہ حکومت کو قومی معاشی خودکشی سے روکنا ہوگا، ورنہ ملک کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑ سکتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بار بار منی بجٹ لا کر حکومت نے ثابت کیا ہے کہ اس کے پاس کوئی ٹھوس، سنجیدہ اور قابل عمل معاشی پلان نہیں ۔

انہوںنے کہاکہ سیاسی انتشار اور معاشی تباہی دونوں مل کر پاکستان کو ناکام ریاست کی منزل کی طرف لیجارہے ہیں ، ملک کو اس سے بچانا ہوگا ،عوام کی قوت خرید ختم ہوچکی ہے ، آئین اور قانون کے تحت ڈبل ٹیکسیشن جرم ہے لیکن حکومت ڈھٹائی سے قوم کو لوٹ رہی ہے ،ٹیکس کا تعلق عوام کی قوت خرید اور قومی ترقی کی شرح سے ہے، مرتی عوام پر مزید بوجھ ڈالنا صرف ظلم ہے ،عوام اس ظلم کے خلاف باہر نکلیں اور حکومت سے ظلم کرنے کا اختیار چھین لیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.