مہنگائی رمضان میں مشکلات میں اضافہ کریں گی ، عبدالحق ہاشمی

0 383

کوئٹہ (امروز نیوز )جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاہے کہ نیکیوں کے موسم بہار رمضان المبارک کی آمد آمد ہے ۔بدترین مہنگائی رمضان کے دوران غریب عوام کی مشکلات میں اضافہ کریگی۔اہل خیر رمضان المبارک میں کم آمدنی والے غرباءومساکین کی مددکریں۔ تلاوت قرآن ، تروایح کے اہتمام اور نوافل سے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے اہل کوئٹہ ماہ رمضان کا بھر پور استقبال کریں ۔ رمضان اللہ تعالی کی رحمتیں اور عنایتیں حاصل کرنے کا مبارک مہینہ ہے ۔ اس ماہ مقدس میں اللہ رب العزت کو راضی کر کے دنیا و آخرت کی کامیابیاں حاصل کی جاسکتی ہیں۔ذمہ داران رمضان المبارک میں فہم القرآن ،ترجمہ وتفسیر قرآن کی کلاسزکی منصوبہ بندی کریں اور بھر پور دینی اندازمیں رمضان المبارک گزارنے کی کوشش کریں ۔انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی کے رابطہ عوام مہم الحمداللہ صوبہ بھر میں زور وشور سے جاری ہے اضلاع کے ہیڈکوارٹرزویوسی سطح پر پروگرامات جاری ہے امرائے اضلاع مہم کی کامیابی کیلئے بھر پور کام کریں ارکان کو منصوبہ بندی کے تحت اہداف دیں الحمدا للہ اب تک ہزاروں افراد جماعت اسلامی کی ممبر شپ حاصل کر چکے ہیں ہم کوشش کریں گے کہ رمضان المبارک میں رابطہ عوام مہم کومزید آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل مہنگائی کا طوفان حکمرانوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن چکا ہے۔ نااہل حکومت قومی سطح پر ڈلیور کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے جس کا نقصان ملک وقوم اُٹھانا پڑرہا ہے ۔ مہنگائی ، بے روزگار ی ، انصاف کی عدم فراہمی سے عوامی مسائل حل ہونے کی بجائے مزید گھمبیر ہوچکے ہیں ۔ قوم نے ہر جماعت اور پارٹی کو آزما لیا ہے اب قوم کے پاس دیانتدار ، محب وطن اور کرپشن سے پاک قیادت جماعت اسلامی کے سوا کوئی دوسراا ٓپشن نہیں ہے ۔ قوم فرد واحد اور موروثی سیاست کو مسترد کرے اور جماعت اسلامی کا ساتھ دے تاکہ حقیقی معنوں میں ملک کو اسلامی و فلاحی ریاست بنایا جا سکے ۔ عوام الناس بالخصوص ذمہ داران وکارکنان رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ہونے والی ترجمہ وتفاسیر قرآن اور فہم قرآن کلاسز میں بھر پور شرکت کریں اور اللہ تعالیٰ کے پیغام کو سمجھنے کی کوشش کریں

Leave A Reply

Your email address will not be published.