بارش سے پنجگور میں ایک لاکھ 15 ہزار 978 ٹن اعلیٰ اقسام کی کھجوریں ضائع ہوگئیں

0 116

 مون سون کی ریکارڈ بارشوں سے ضلع پنجگور میں ایک لاکھ 15 ہزار 978 ٹن اعلیٰ اقسام کی کھجوریں ضائع ہوگئیں، زمینداروں کو اربوں روپے کے نقصان کا سامنا، پنجگور سمیت مکران بھر میں زیادہ تر نقصان زراعت کو پہنچا۔ اس سلسلے میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت پنجگور ضیاالرحمن بلوچ نے کہا کہ پنجگور میں تقریباً 18000 ہیکٹر پر کھجور کے باغات ہیں، اس علاقے میں مضافتی، سمیت اعلیٰ اقسام کی کھجوروں کی پیداوار ہوتی ہے، جو ملکی اور بین الاقوامی منڈیوں میں پسند کی جاتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مون سون کی ریکارڈ بارشوں سے ضلع پنجگور میں 99 فیصد کھجور کی کاشت متاثر رہی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع پنجگور میں تقریباً 18000 ہیکٹر پر پھیلے ہوئے کھجور کے باغات ہیں جس سے سالانہ ایک لاکھ 15 ہزار 978 ٹن کھجور پیدا ہوتی ہے، جس کی 99 فیصد پیداوار بارشوں سے متاثر رہی جس سے اربوں روپے کا نقصان ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ کھجور کے ساتھ ساتھ کپاس، انگور سمیت دوسری فصل بھی بری طرح متاثر ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی ہدایت پر ضلع بھر میں سروے شروع کیا گیا ہے، سروے کا کام حتمی مراحل میں ہے اور ہم سروے مکمل کرکے مکمل رپورٹ صوبائی حکومت کو بھیج رہے ہیں۔

علاوہ ازیں علاقے کے زمینداروں نے بتایا کہ مون سون کی بارشوں سے ضلع بھر میں سب سے زیادہ نقصان زمینداروں کو اٹھانا پڑا اور ہمارے پورے سال کی محنت ضائع ہوگئی۔ زمینداروں نے بتایا کہ ہم نے لاکھوں روپے قرضے لیکر اس امید پر تھے کہ جب فصل کا ثمر آئے گا ہم اپنا قرضہ ادا کرکے گزر بسر کریں گے لیکن بارشوں نے رہی سہی کسر پوری کردی۔ انہوں نے بتایا کہ قدرتی آفات روکنا انسان کے بس کی بات نہیں لیکن حکومتیں بروقت اقدام کرکے لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کرسکتے ہیں۔

زمینداروں نے کہا کہ ہم ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ضیاالرحمن اور انکی پوری ٹیم کے شکر گزار ہیں جہنوں نے دن رات محنت کرکے ضلع بھر میں سروے شروع کرکے اسے بہت جلد منطقی انجام تک پہنچایا اور اب صوبائی اور وفاقی حکومتوں کا کام ہے کہ وہ بھی ہمارے نقصانات کے ازالے کیلئے بروقت اقدام اٹھائیں۔ ہم حکومت سے پر زور اپیل کرتے ہیں کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے معاوضوں کی ادائیگی کو یقینی بناکر ہمارے خاندان کو فاقوں سے بچائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.