اقلیتوں کو پاکستان میں مکمل آزادی حاصل ہے ، دھنیش کمار
اوتھل ( امروز نیوز) صوبائی وزیر اقلیتی امور بلوچستان دھنیش کمار پلیانی نے کہا کہ ہنگلاج نانی مندر کے میلے میں ملک بھر سے لاکھوں یاتریوں نے شرکت کرکے یہ ایک واضح پیغام دیا ہے کہ اپنے وطن عزیز پاکستان میں انہیں مکمل آزادی حاصل ہے ہنگلاج نانی مندر کا تین روزہ سالانہ میلہ خیرو عافیت سے اختتام پذیر ہوا ہے جس کا تمام تر سہرا حکومت کو جاتا ہے اور ہم پاک افواج کے بھی مشکور وممنوں ہیں جنہوں نے سیکورٹی انتظامات میں معاونت کی اورایف سی بلوچستان ،پاکستان کوسٹ گارڈ،لیویز فورس ،پولیس کے بھی شکرگزار ہیں جنہوں نے سیکورٹی کے انتظامات بہتر بنائے اور ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر احمد مینگل ،اسسٹنٹ کمشنر بیلہ ڈاکٹر جمیل احمد بلوچ اور ہنگلاج ماتا ویلفیئر ٹرسٹ کے رضاکاروں و عہدیداروں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے میلے میں ہر قسم کے انتظامات بہتر کئے تھے پاکستان میں کل بھی اقلیتی برادری آزاد تھیں اور آج بھی آزاد ہیں اور انہوں نے اپنے مذہبی رسومات ادا کیں اور ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعائیں مانگی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز آن لائن سے ٹیلی فون گفتگو کرتے ہوئے کیا صوبائی وزیر اقلیتی امور بلوچستان دھنیش کمار پلیانی نے کہا کہ ہنگلاج ماتا کا تین روزہ سالانہ میلہ خیرو عافیت سے اختتام پذیر ہوگیا ہے اور تین روزہ سالانہ میلے میں پورے ملک سے لاکھوں کی تعداد میں یاتریوں نے شرکت کی اور آزادی سے اپنی رسومات اداکیں اور ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعائیں مانگی اور میلے کے دوران حکومت بلوچستان کی جانب سے سیکورٹی کے انتظامات مکمل طور پر بہتر بنائے گئے تھے اور ان انتظامات کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے اور سیکورٹی انتظامات میں پاک افواج نے بھی ضلعی انتظامیہ کی معاونت کی جو ایک خوش آئنداقدام ہے اور میں پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے ہمیشہ بہتر انداز میں اقلیتی برادری کا تحفظ کیا ہے انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے لیویز فورس کی بھاری نفری تعینات کی اور ایف سی بلوچستان ،پاکستان کوسٹ گارڈ ،پولیس کے جوانوں نے بھی بہتر انداز میں اپنے فرائض سرانجام دیئے اور ان تمام اداروں کا میں مشکور وممنوں ہوں جنہوں نے میلے میں بہتر انتظامات کیئے تھے انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کوسٹ گارڈ اور ایف سی بلوچستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میلے کے تین روز یاتریوں کیلئے فری میڈیکل کیمپس لگائے اور ہزاروں مریضوں کا مفت علاج کیا جبکہ میں ایدھی فاﺅنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی اور ایدھی بلوچستان کے انچارج ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میلے میں عارضی سینٹر قائم کرکے ایدھی کی ایمبولینس فراہم کیئے انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر احمد مینگل اور اسسٹنٹ کمشنر بیلہ ڈاکٹر جمیل احمد بلوچ نے میلے میں نہ صرف سیکورٹی کے انتظامات بہتر بنائے تھے بلکہ چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کی پارکینگ کیلئے بھی بہتر نظام بنایاتھا انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے بہتر انداز میں اقلیتی برادری کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں اور وزیراعلیٰ بلوچستان نواب جام کمال خان نے دس لاکھ روپے کی ادویات فراہم کیئے اور ہنگلاج نانی مندر کیلئے ماسٹر پلان کا بھی اعلان کیا ہے جو ایک خوش آئنداقدام ہے اور ا س ماسٹر پلان سے ہنگلاج نانی مندر میں مزید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے گا انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں اقلیتی برادری کو تمام اپنے حقوق حاصل ہیں اور انہیں مکمل طور پر آزادی حاصل ہے اور ہنگلاج نانی مندر کے میلے میں لاکھوں یاتریوں نے شرکت کرکے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ ہمیں اپنے وطن عزیز میں مکمل آزادی حاصل ہے ۔