وزیراعظم (کل)مکہ مکرمہ میں منعقدہ اوآئی سی سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے
اسلام آباد(امروز نیوز)وزیراعظم عمران خان سعودی عرب میں (کل) جمعہ31 مئی 2019ءکو منعقد ہونے والے چودھویں اوآئی سی سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق سربراہ اجلاس اوآئی سی رکن ممالک کو اپنے خیالات کے اظہار اور اسلامی ممالک کے مفاد پرمبنی سیاسی، معاشی اور سلامتی سے متعلق امور پر غور کا قیمتی موقع فراہم کرنے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔ وزیراعظم دیگر معاملات کے علاوہ امہ کے اتحاد ویک جہتی کے ناگزیر تقاضے اور جموں وکشمیرکے تنازعے، اسلام منافی بڑھتے رجحانات، تعلیم اور سائنسی ترقی جیسے امورکے لئے حمایت پر توجہ مرکوز کریںگے۔دفتر خارجہ کے مطابق 2019 اوآئی سی کے قیام کی پچاسویں سالگرہ کا برس بھی ہے۔1969 میں قائم ہونے والی او آئی سی اقوام متحدہ کے بعد دنیا کی دوسری سب سے بڑی کثیرملکی تنظیم ہے جس میں ایک چوتھائی سے زیادہ انسانیت شامل ہے جن کا مجموعی جی ڈی پی 19.4 ٹریلین ہے۔ بانی ارکان میں سے ایک کی حیثیت سے پاکستان نے مسلمانوں کو درپیش مسائل اجاگر کرنے اور تنظیم کو فعال بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اوآئی سی نے اپنی قراردادوں، اعلامیوں اور مراسلوں کے جموں وکشمیر پر پاکستان کے موقف کی ہمیشہ حمایت کی ہے۔ چودھویں اوآئی سی سربراہ اجلاس سے قبل 29 مئی 2019ءکو اوآئی سی وزراءخارجہ کونسل کا اجلاس شروع ہوگیا ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اوآئی سی وزرائے خارجہ کونسل میں شرکت کے لئے سعودی عرب پہنچ چکے ہیںجہاں جموں وکشمیر پر اوآئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب اور اوآئی سی ممالک کے اپنے ہم مناصب سے ملاقاتیں ان کی مصروفیات میں شامل ہیں۔