شاہد آفریدی کا بابراعظم کو سخت فیصلے لینےکا مشورہ
سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہےکہ اگرچہ آئی سی سی ٹیسٹ چمپین شپ کا فائنل کھیلنے کے لیے پاکستان کے پاس چانسز کم ہیں لیکن کپتان بابراعظم کو مشکل فیصلے لینا ہونگے۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ کچھ کھلاڑیوں کو آگے لانا ہوگا جن میں شان مسعود کا نام سرفہرست ہے۔ انھوں نے شان مسعود کے کھیل کی تعریف کی اور انھیں تگڑا کھلاڑی قرار دیا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ شاہین جلد ٹیم میں واپس آئے گا اور بینچ پر موجود فاسٹ بالرز کو بھی ذمہ داری لینا ہوگی۔
سابق کپتان نے مشورہ دیا کہ دوستی یاری کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مشکل فیصلے لینا ہونگے۔ بابر اعظم کو ٹیم پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے چیف سیلکٹر کے ساتھ بیٹھ کر جائزہ لینا ہوگا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ اگلے 5 ٹیسٹ میچوں میں سے 4 میں جیت ضروری ہے، کرکٹ میں ناممکن کچھ نہیں ہوتا اور پاکستان ٹیم کو مثبت مائنڈ سیٹ کے ساتھ آگے جانا چاہئے۔