اشیاء خوردونوش کی تیاری و فروخت میں جعلسازی اور دھوکہ دہی کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں : محمد نعیم بازئی
کوئٹہ : ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی نے کہا ہے کہ بی ایف اے نا صرف ماہ صیام بلکہ عام دنوں میں بھی عوام تک ملاوٹ سے پاک خوراک کی یقینی فراہمی کیلئے کارروائیاں جاری رکھے گی، اشیاء خوردونوش کی تیاری و فروخت میں جعلسازی اور دھوکہ دہی کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں، کھانے پینے کی اشیاء کا کاروبار کرنیوالے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں بصورت دیگر صحت عامہ سے خطرناک کھلواڑ کرنے والے عناصر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے۔ دریں اثناء بی ایف اے معائنہ ٹیموں کی کوئٹہ اور ضلع زیارت میں انسپیکشن کے دوران 1 آئسکریم قلفی ڈسٹریبیوشن یونٹ کو سیل کیا گیا جبکہ 24 مختلف مراکز پر جرمانے عائد کیے گئے۔ آئسکریم قلفی ڈسٹریبیوشن یونٹ کے خلاف اسٹوریج کے ناقص نظام و اسٹور کردہ پراڈکٹس کے ریکارڈ کی عدم دستیابی سمیت مختلف وجوہات پر اایکشن لیا گیا۔ کاروائیاں خروٹ آباد و ملحقہ علاقوں، سریاب روڈ، فاطمہ جناح روڈ اور میکانگی روڈ میں کی گئیں جہاں 4 بیکنگ یونٹس و 1 بیکری، 2 میٹ شاپس، 2 جلیبی و سموسوں کی دکانوں، 1 نان شاپ کو صفائی کی ناقص صورتحال و ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جبکہ 1 مصالحہ شاپ اور 1 جنرل اسٹور کو زائد المعیاد و پابندی عائد اشیاء کی فروخت پر جرمانہ کیا گیا۔ دیگر خوردنی اشیاء کے ساتھ ساتھ بی ایف اے دودھ کے معیار کی جانچ کیلئے بھی مصروف عمل ہے، اس سلسلے میں مشرقی بائی پاس و گردونواح میں ملک شاپس کی چیکنگ کو دوران 5 ملک شاپس کا دودھ ملاوٹی ثابت ہوا، مزکورہ مراکز سے لیے گئے نمونے بی ایف اے موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے موقع پر چیک کیے گئے۔ مزید برآں ضلع زیارت میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے کولڈرنک شاپس، گوشت کی دکانوں، ہولسیلرز، بیکرز و بیکنگ پلانٹس کا معائنہ کیا، مارکیٹ میں موجود 5جنرل اسٹورز سے ایکسپائرڈ کولڈرنکس، مصالحے اور چائنیز نمک و مضر صحت فوڈ کلرز برآمد ہوئے، 1 بیکنگ یونٹ میں مقررہ معیار کے برخلاف ناقص اجزاء سے اشیاء تیار کی جارہی تھیں جبکہ بیکنگ ایریا اور ورکرز کی ذاتی صفائی کی حالت بھی انتہائی خراب تھی جس پر مزکورہ پانچوں جنرل اسٹورز اور بیکنگ پلانٹ پر جرمانے عائد کیے گئے۔