دھابیجی سے کراچی کو پانی کی فراہمی بحال ہونے میں 3 سے 4 روز لگیں گے
دھابے جی میں پاور بریک ڈاؤن کے باعث پھٹنے والی 72 انچ قطر کی پانی کی پائپ لائن کی مرمت میں مزید 3 سے 4 روز لگیں گے، شہر کو پانی کی فراہمی میں تعطل برقرار رہے گا۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مطابق پیر کی صبح 5 بجے دھابے جی پمپنگ اسٹیشن پر پاور بریک ڈاؤن کی وجہ سے پانی کی تین پائپ لائنیں پھٹ گئی تھیں۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کے ترجمان عبدالقادر کا کہنا ہے کہ بجلی ساڑھے 6 بجے بحال ہوئی تاہم اس کے نتیجے میں دھابے جی پمپنگ اسٹیشن پر پانی کی تین پائپ لائنیں پھٹ گئیں۔
کے ڈبلیو ایس بی کے مطابق پائپ لائنیں پھٹنے کی وجہ سے شہر کو 125 ملین گیلن پانی کی قلت کا سامنا ہے۔
چیف انجینئر کراچی وارڈ بورڈ انتخاب احمد راجپوت نے بتایا ہے کہ پی آر سی لائن کی مرمت کا کام بدستور جاری ہے، سیمنٹڈ اسٹرکچر کی وجہ سے اس کی مرمت میں کچھ وقت لگے گا۔
چیف انجینئر نے مزید کہا کہ پیر کی شام تک لوہے کی دو پائپ لائنوں کی مرمت مکمل کرلی گئی تھی، ان دونوں لائنوں سے پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پی آر سی لائن کی مرمت کا کام مکمل ہونے میں تین سے 4 روز لگیں گے کیونکہ سیمنٹڈ میٹیریل کو سوکھنے میں وقت لگتا ہے۔
انتخاب احمد راجپوت کا کہنا ہے کہ پی آر سی لائنیں کراچی کو 1969ء سے پانی فراہم کررہی ہیں، شہر کو پانی کی فراہمی میں 100 ملین گیلن کی کمی کا سامنا ہے، پانی کی سپلائی آئندہ 4 روز میں معمول پر آئے گی۔
پانی کی فراہمی میں تعطل کی وجہ سے متاثر ہونے علاقوں میں گلشن اقبال، گلستان جوہر، ناظم آباد، گلبرگ، فیڈرل بی ایریا اور نارتھ ناظم آباد شامل ہیں۔