امریکا کا سیلاب متاثرین کیلئے تین کروڑ ڈالر امداد کا اعلان

0 176

عالمی براداری کی جانب پاکستانی سیلاب متاثرین کیلئے امداد کا سلسلہ جاری ہے۔

امریکا نے تین کروڑ ڈالرز، آسٹریلیا نے دو ملین ڈالر جبکہ کینیڈا نے پچاس لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔

ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھی پاکستان کی مدد کیلئے کام شروع کر دیا ہے۔

امریکی سفارتخانے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے 3 کروڑ ڈالر فراہم کررہا ہے جبکہ اس سے پہلے اسی ماہ 1.1 ملین ڈالر کی امداد بھی پاکستان کو فراہم کی گئی تھی۔

مسعود خان نے کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر امداد کے اعلان کیلئے امریکا کے شکرگزار ہیں۔

آسٹریلوی وزارت خارجہ کے بیان میں بھی کہا گیا ہے کہ آسٹریلیا پاکستان میں سیلاب متاثرین کیلئے دو ملین ڈالرکی امداد دے گا، یہ اعلان ہنگامی انسانی مدد کے تحت کیا گیا ہے۔

کینیڈین وزیر برائے عالمی ترقی ہرجیت سجن نے ٹویٹر پیغام میں اعلان کیا کہ کینیڈا پاکستانی سیلاب متاثرین کیلئے پچاس لاکھ ڈالر امداد دے گا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے حکام نے سماء کو بتایا کہ سیلاب متاثرین کی مالی معاونت کیلئے ٹیم کام کر رہی ہے۔ اے ڈی بی سیلاب کے علاوہ بھی موجودہ مالی سال پاکستان کو دو ارب تیس کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔

عالمی بینک کے حکام نے بتایا کہ پہلی ترجیح سیلاب سے متاثر ہونے والی انسانی آبادیوں کیلئے فنڈز فراہمی اور تعمیر نو کی کوششوں کی حمایت ہے۔

دوسری طرف پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ٹویٹ میں کہا کہ مشکل وقت میں حکومت پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اقوام متحدہ اور حکومت پاکستان نے متاثرین کیلئے سولہ کروڑ ڈالر فوری امداد کی اپیل کی ہے، اس کا مقصد سیلاب میں گھرے چونسٹھ لاکھ متاثرین کی مدد کرنا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.