کوئٹہ میں گوشت، سبزیاں، چینی، آٹا مہنگا
کوئٹہ (امروز نیوز)
لاک ڈاؤن کے دوران بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں مہنگائی کا طوفان آ گیا ہے، گوشت، چینی، آٹا، سبزیاں سب مہنگی ہوگئیں۔
کوئٹہ میں لاک ڈاؤن کے دوران آٹے، چینی، گوشت، سبزی کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کو مشکلات میں مبتلا کر دیا۔
یوٹیلیٹی اسٹورز سے بھی آٹا اور چینی غائب ہوگئی، جس سے غریب طبقہ ذہنی کوفت کا شکار ہو گیا۔
چینی کی قیمت پانچ روپے کلو اضافے کے بعد 85 روپے کلو ہو گئی، 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 100 روپے اضافے کے بعد 1100 روپے ہو گئی۔
بعض علاقوں میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا ا یک ہزار 150 روپے میں بھی فروخت کیا جا رہا ہے، انتظامیہ نے آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت ایک ہزار روپے مقرر کر رکھی ہے۔
دوسری جانب گائے اور بکرے کے گوشت کی اضافی قیمت پر فروخت بھی جاری ہے، بغیر ہڈی کا گائے کا گوشت مقررہ نرخ 480 روپے کی بجائے 560 سے 580 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔
بکرے کا گوشت مقررہ 780 روپے کی بجائے ایک ہزار روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔