شیخ رشید سے مذاکرات ناکام، وزیراعظم عمران خان خود کوئٹہ تشریف لائیں، ہزارہ برادری کا مطالبہ

0 190

کوئٹہ (امروز ویب ڈیسک) وزیراعظم کی ہدایت پر وزیر داخلہ شیخ رشید سانحہ مچھ کے خلاف ہزارہ برادری کے دھرنے میں کوئٹہ پہنچ گئے جہاں انہوں ںے سانحہ پر جوڈیشل کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید ہزارہ برادری سے مذاکرات کے لیے ان کے احتجاجی کیمپ پہنچے جہاں انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مچھ سانحہ ظلم اور زیادتی ہے، اس سانحے پر شرمندہ ہوں، وزیراعظم نے خصوصی طور پر اپنا جہاز دے کرکوئٹہ بھیجا، وزیراعظم نے پیغام دیا ہے کہ کسی صورت سانحہ مچھ کے مجرموں کو نہیں چھوڑیں گے، یقین دلاتا ہوں مچھ میں دہشت گردی کرنے والوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائےگا۔

انہوں نے کہا کہ آپ عظیم لوگ ہیں جو قربانی دیتے ہیں اور ملک کے ساتھ وفاداری نبھاتےہیں، دہشت گردی کے خلاف ہماری گلی سے بھی چار جنازے اٹھے ہیں، دہشت گردوں نے 4 مرتبہ مجھ پر بھی حملہ کیا، آپ شہداء کی تدفین کرائیں، آپ جو دن تجویز کریں اسلام آباد آجائیں، تمام شیعہ برادری کو مکمل سیکیورٹی دی جائے گی

جب کہ مچھ سانحہ کے متاثرین کو صوبائی حکومت 15 لاکھ روپے اور وفاقی حکومت 10 لاکھ روپے دے گی۔
اس موقع پر ہزارہ برادری کے رہنما آغا سید محمد رضا نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان خود کوئٹہ تشریف لائیں، وزیراعظم خود یہاں آئیں اور ان سب معاملات کو دیکھیں، 22 سال سے ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمیں جینے کا حق ملنا چاہیے، ہمارے تاجروں کو کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور کردیا گیا، ہمیں نفسیاتی اور اقتصادی طور پر ٹارچر کیا جارہا ہے، لاپتا افراد میں اگر کوئی مجرم ہے تو عدالت میں پیش کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کل آتی تو شاید لوگوں کو اس صدمے میں اتنی زحمت نہ اٹھانا پڑتی، ہمارا مطالبہ ہے کہ بلوچستان کابینہ فوری مستعفی ہو اور مچھ سانحے کی تحقیقات کیلیے جوڈیشل کمیٹی کا اعلان کیا جائے۔

وزیر داخلہ نے سانحہ مچھ سے متعلق جوڈیشل کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کے استعفے کے سوا تمام مطالبات مانتا ہوں، آج یا کل صبح وزیراعظم کو مظاہرین کے پیغام سے آگاہ کروں گا، لاپتا افراد کے معاملے پر وزیراعظم سے ملاقات کراؤں گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.