ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیںکرینگے، وزیر اعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(امروز ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے سریاب روڈ کوئٹہ کی تعمیر کے منصوبے پرعمل درآمد میں غیر ضروری تاخیر پر سابق کمشنر کوئٹہ کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا ہے وزیراعلی نے کوئٹہ ترقیاتی پیکج اور شہر کی خوبصورتی سے متعلق منصوبے پر پیش رفت پر دی جانے والی بریفنگ کے دوران انکوائری کا حکم جاری کیا۔ انہوں نے اوستہ محمد روڈ کی تعمیر کو دس حصوں میں تقسیم کرنے پر بھی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ دونوں انکوائریاں وزیراعلی معائنہ ٹیم کرے گی۔ وزیراعلی نے کوئٹہ ترقیاتی پیکج میں شامل سڑکوں کے تعمیر کے منصوبوں پر عمل درآمد میں تاخیر پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر، حکومت کے فنڈز اور وقت کا ضیاع کسی صورت قابل قبول نہیں۔ صوبائی وزیر لائیو اسٹاک مٹھا خان کا کڑ، ا چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ فضیل اصغر، چیئرمین وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم حیدر علی شکوہ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات عبدالصبور کاکڑ، اسپیشل سیکرٹری ٹو وزیراعلیٰ اسفندیار بلوچ،سیکرٹری خزانہ پسند خان بلیدی، سیکرٹری روڈز سلیم اعوان، سیکرٹری اطلاعات شاہ عرفان غرشین، کمشنر کوئٹہ ڈویڑن اسفندیارکاکڑ، ڈی جی اینٹی کرپشن و دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کمشنر کوئٹہ نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ کے عوام کو خطیر تخمینہ کے کوئٹہ پیکج سے شہر کی بہتری کے حوالے سے توقعات وابستہ ہیں اور یہ منصوبہ شہر کی خوبصورتی اور شہری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعلی نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ ترقیاتی پیکیج کے منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو، منصوبہ بندی و ترقیات اور پروجیکٹ ڈائریکٹر موثر میکنزم تیار کرکے مائیکرو لیول مینجمنٹ کے لیے اقدامات اٹھائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ ترقیاتی پیکج شہر کی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل ہوں گے تو ترقی ہو گی اور عوام خوشحال ہو گی۔