عمران خان احتساب کا عمل عوام کو براہ راست دکھائیں، شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد (امروز ویب ڈیسک)احتساب عدالت میں ایل این جی ریفرنس کی کارروائی گواہان موجود نہ ہونے کے باعث ملتوی کردی گئی جبکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان احتساب کا عمل عوام کو براہ راست دکھائیں،چیئرمین نیب میں ہمت ہے
تو کیمرے لگائیں اور عوام کو بتائیں کہ اب تک کتنی کرپشن پکڑی گئی، حکومت نااہل اور جمہوری پسند نہیں،ٹوئٹ کرنے پر لاپتہ کردیا جاتا ہے۔ منگل کو احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ایل جی جی ریفرنس کیس کی سماعت کی۔عدالت میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی حاضری لگائی گئی ،گواہان موجود نہ ہونے کے باعث کیس کی کارروائی ملتوی کردی گئی۔
کیس کی آئندہ سماعت 22 فروری کو کی جائےگی۔احتساب عدالت کے باہر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پہلی حکومت ہے جو ہر ماہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے۔بجلی کے بعد پیڑول کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہونے جارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مہنگے ترین پلانٹ چلانے پر نیپرا لکھ لکھ کر تنگ آ گیا ہے
۔ انہوںنے کہاکہ حکومت آج ٹیلی فون کالز پر کھڑی ہے جب ٹیلیفون کالز بند ہونگی ،تحریک عدم اعتماد اسی دن آجائے گی ۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے مطالبہ کیا کہ احتساب عوام کو دکھایا جائے، چیئرمین نیب سے درخواست ہے کہ عوام کو بتائیں کہ اب تک کتنی کرپشن پکڑی گئی۔