مشکل حالات سے نکل رہے تھے کورونا آگیا، وزیراعظم

0 383

اسلام آباد (امروز ویب ڈیسک)وزیراعظم عمر ان خان نے پٹرول اور ڈیزل 10،10 روپے فی لیٹر، بجلی 5 روپے فی یونٹ سستی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ اگلے بجٹ تک دونوں چیزوں کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کرینگے ،پاکستان میں آج بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں دوسرے ممالک سے کم ہیں ،موجودہ صورتحال میں اپوزیشن کے پاس پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حل ہے تو بتائیں ۔ پاکستان ٹیلی ویژن اور سر کاری ریڈیو پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ مجھے خوف ہے یوکرائن اور روس کی جنگ کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نیچے نہیں ہونگی

، تیس فیصد دنیا گیس بھی وہاں سے آتی ہے اور اس کی قیمت بھی اوپر چلی جائےگی ۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے روس سے بیس لاکھ گندم کا بھی کہا ہوا ہے اور گندم بھی اوپر چلی گئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس وقت سب سے بڑ امسئلہ پٹرول اور ڈیزل کا ہے ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اوپر چلی گئیں تو لوگوں پر مزید بوجھ پڑ جائیگا۔ انہوںنے کہاکہ جب اپوزیشن والے کہتے ہیں پٹرول اور ڈیزل بڑا مہنگا ہوگیا ہے تو وہ بتائیں ان کے پاس کیا حل ہے ؟اگر کوئی حل ہے تو ہمیں بتادیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان میں آج بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں دوسرے ممالک سے کم ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اس وقت بھی پاکستان دنیا کے 190ممالک میں سے 25ویں نمبر پر ہے جدھر ابھی بھی ہمارا پٹرول اور ڈیزل سب سے کم بک رہاہے

۔انہوںنے کہاکہ پٹرول ہمارے پاکستان میں 160روپے ، ہندوستان میں 260روپے ، بنگلہ دیش میں 185روپے اور ترکی میں 200روپے لیٹر فروخت ہورہا ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہم ستر ارب روپے کی ہر ماہ سبسڈی دیتے ہیں اگر ہم نہ کریں تو آج پٹرول 220روپے فی لیٹرفروخت ہو ۔ انہوںنے کہاکہ اوگرا نے سمری میں دس روپے فی لیٹرپٹرول اور ڈیزل بڑھانے کی تجویز دی ہے ، ہم بجائے دس روپے پٹرول اور ڈیزل فی لیٹر بڑھانے کے ہم دس ،دس روپے فی لیٹر کم کررہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں پچاس سالوں میں کوئی ڈیم نہیں بنایا گیا ، ہم دس ڈیم بنا رہے ہیں جو اگلے پانچ سے دس سالوں میں بن جائینگے،اگر پہلے ڈیم بنا لیتے تو پاکستان میں بجلی بہت سستی ہوتی ۔ انہوںنے کہاکہ اگر یہ ڈیم بن گئے تو دنیا میں قیمتیں بڑھائی بھی گئیں تو ہم بچ جائینگے ۔انہوںنے کہاکہ پانچ روپے فی یونٹ بجلی کم کررہے ہیں

،پانچ روپے فی یونٹ بجلی کم کر نے کا مطلب ہے کہ بیس فیصد سے پچاس فیصد بجلی کے بل کم ہونگے اس کےلئے بڑی محنت سے کہیں اور سے سبسڈی نکالی ہے ۔انہوںنے کہاکہ اگلے بجٹ تک پٹرول اور بجلی میں کوئی اضافہ نہیں کرینگے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ سوشل میڈیا پر وزیراعظم کو بھی نہیں چھوڑا جارہا۔قوم سے خطاب میں وزیراعظم نے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) ترمیمی آرڈیننس کے حوالے سے کہا کہ یہ قانون 2016 میں بنایا گیا، ہم صرف اس میں کچھ ترامیم کرنے جا رہے ہیں، اس قانون پر کافی شور مچا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس قانون کو لانے کا مقصد یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر جس طرح کا گند آرہا ہے کہ اسے کنٹرول کرنا ضروری ہے، چائلڈ پورنوگرافی کی بھرمار ہے، ایسا مواد کسی مہذب دنیا کے سوشل میڈیا پر نہیں جیسا ہمارے ہاں موجود ہے۔ سوشل میڈیا پر وزیراعظم کو بھی نہیں بخشا جارہا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.