اعتزاز احسن کی صاحبزادی نے والد کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے متعلق غلط فہمی دور کردی
پی پی رہنما اعتزاز احسن کی صاحبزادی ثمن احسن نے والد کے جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی جانے والی ٹوئٹس سے متعلق غلط فہمی دور کردی۔
ٹوئٹر پر اعتزاز احسن کے نام اور تصویر سے منسوب جعلی اکاؤنٹس سے گمراہ کن ٹوئٹس کی گئی تھیں۔
ٹوئٹر پر اعتزاز احسن کا اصل اکاؤنٹ ’therealaitzaz‘ ہے لیکن اسی جیسے نام سے بنائے گئے اکاؤنٹ ’therealaitezaz ‘ سے حال ہی میں ایک ٹوئٹ سامنے آئی تھی جس میں درج تھا ’امر بالمعروف جلسے نے ثابت کر دیا ہے کہ خودمختار اور بیرونی مداخلت سے پاک پاکستان پاکستانیوں کی واحد منزل اور وزیرِ اعظم عمران خان ان کے محبوب لیڈر اور قائد ہیں ‘۔
ثمن نے لکھا کہ ’یہ میرے والد اعتزاز احسن کا واحد حقیقی ٹوئٹر اکاؤنٹ ہے لیکن وہ اسے کبھی استعمال نہیں کرتے، ان کے نام سے ٹوئٹ کرنے والے دیگر تمام اکاؤنٹس جعلی ہیں اور غلط معلومات پھیلا رہے ہیں‘۔
ثمن نے ایک صارف کے سوال کے جواب میں بتایا کہ اعتزاز احسن کے نام سے منسوب جعلی اکاؤنٹس کی اطلاع ایف آئی اے کو دی گئی ہے، میں جعلی اکاؤنٹس کی اطلاع اور اصلی کی تصدیق کرنے کی بھی کوشش کر رہی ہوں لیکن اس میں وقت اور محنت درکار ہے۔
اصلی اور جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ میں فرق کیا ہے؟
اعتزاز احسن کے اصل اور جعلی اکاؤنٹ کے ’ہینڈل‘ کو دیکھا جائے تو دونوں ایک جیسے ہی دکھتے ہیں لیکن اگر بغور جائزہ لیا جائے تو جعلی اکاؤنٹ ’therealaitezaz‘ میں ایک ’ای‘ اضافی ہے جو اسے اصل اکاؤنٹ سے مختلف بناتا ہے۔
صارفین ایک نظر میں ایسی چھوٹی تبدیلی کو ضرور نوٹس کیے بغیر ہی اس اکاؤنٹ سے کیے جانے والے ٹوئٹس کو پی پی رہنما کا بیان سمجھ سکتے ہیں۔
ثمن احسن نے اس گمراہ کن ٹوئٹ پر شدید ردعمل دیتے ہوئے گزشتہ برس ماہِ جنوری میں والد کے اصلی اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ شیئر کی۔