معروف وی لاگر حنا دانیال ملک فالج کے باعث انتقال کر گئیں

0 143

گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر خبر پھیلی تھی کہ معروف وی لاگر حنا دانیال ملک روڈ ایکسیڈنٹ میں انتقال کر گئی ہیں تاہم  اب ان کے اہل خانہ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی موت فالج سے ہوئی ہے۔

اپنے ولاگز کے ذریعے مقامی مارکیٹس  میں موجود کپڑوں اور فیشن سے جڑی دیگر اشیا پر ری ویوز دے کر   شہرت حاصل کرنے والی یوٹیوبر اور  وی لاگر حنا دانیال ملک کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ان کی بہن اور شوہر نے وضاحتی ویڈیوز جاری کرتے ہوئے ان کے انتقال کرجانے کی تصدیق کی ہے اور انہوں نے بتایا کہ حنا دانیال ملک روڈ حادثے میں نہیں بلکہ ’برین اٹیک‘ کی وجہ سے انتقال کر گئی ہیں۔

حنا ملک کی بہن حرا انیس  نے ویڈیو میں بتایا کہ جب ان  کو بہن کی طبیعت کی اطلاع ملی تو  وہ ان  کے گھر پہنچیں انہیں فالج کے حملے کی حالت میں دیکھا بعد ازاں انہیں نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی وارڈ میں ان کے بہت سارے ٹیسٹ اور سی ٹی اسکین کیا گیا۔

حرا انیس کے مطابق ایمرجنسی میں کوئی ماہر اور سینیئر ڈاکٹر موجود نہیں تھا اور انہیں بتایا گیا کہ حنا دانیال ملک کے دماغ میں ممکنہ طور پر کلاٹنگ ہوئی ہے اور اس کے علاج کے لیے انہیں 11 لاکھ روپے جمع کروانے پڑیں گے۔

حرا انیس نے ہسپتال انتظامیہ کی بے حسی اور  ان کے ساتھ برا رویہ اختیار  کرنے پر  کہا کہ انتظامیہ کو سمجھنا چاہیے کہ کسی کے پاس بھی ہر وقت اتنی بڑی نقد رقم موجود نہیں ہوتی اور ایسے حالات میں اتنی بڑی رقم جمع کروانا مشکل ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی وارڈ میں ہی ان کی بہن کی طبیعت مزید خراب ہوگئی، جس کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) اور بعد ازاں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا، آئی سی یو میں منتقل کیے جانے کے وقت تک ان کی بہن کا 70 فیصد دماغ ختم ہو چکا تھا اور وہ بلکل بے جان ہوگئی تھیں جس  کے بعد حنا 11جون کی شام کو انتقال کر گئیں۔

خیال رہے کہ حنا دانیال ملک دو سال قبل مقامی دکانداروں، چھوٹے تاجروں اور کاروباری افراد کی دکانوں  پر جاکر خواتین کے کپڑوں اور میک اپ تشہیری ویڈیوز بنانے سے سوشل میڈیا پر  مشہور ہوئی تھیں وہ ویڈیوز میں دکانوں کی ایڈریس بھی بتایا کرتی تھیں تاکہ خواتین باآسانی سستی اشیا خرید سکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.