سڑکوں پر آئے تو حکومت 5 دن میں چلی جائے گی، فواد چوہدری
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سڑکوں پر آئے تو حکومت 5 دن میں چلی جائے گی۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ 25 مئی کے واقعات میں ملوث لوگوں کے خلاف تحقیقات شروع ہوگئی ہیں، اس واقعات میں جو پولیس افسران ملوث تھے انہیں ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے جب کہ کچھ کی گرفتاریاں بھی کی جارہی ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ 25 مئی کے واقعات میں رانا ثنا اللہ اور عطا تارڑ کو تفتیش میں شامل کیا جارہا ہے۔ اگر یہ لوگ اسلام آباد میں چھپ کر بیٹھے رہیں گے تو قانون کے مطابق انہیں اشتہاری قرار دے دیا جائے گا۔ انہیں اپنے کردار کی وضاحت کرنی چاہیے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا فائدہ سیاسی استحکام میں ہے، اس وقت ملک کی کوئی معاشی پالیسی نہیں، مہنگائی کی شرح 38 فیصد تک ہوچکی ہے، پیٹرولیم مصنوعات اور خوردنی تیل کی قیمتیں عالمی مارکیٹ میں کمی ہوئی ہے لیکن اس کا فائدہ پاکستانیوں کو نہیں ہورہا۔ مہنگائی کی وجہ سے تنخواہ دار طبقے کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان اس وقت قوم کی امیدوں کے مرکز ہیں، آج ہونے والے جلسے میں عمران خان آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ہم حقیقی آزادی کا خواب پورا کریں گے۔ اس کا آخری مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ تلخیاں بڑھانا بہت آسان ہے لیکن ہمیں تلخیاں کم کرنے کی ضرورت ہے، یہ بات مسلم لیگ (ن) کی سمجھ میں جتنی جلدی آجائے اتنا اچھا ہے۔ اگر بنی گالہ پر چھاپے مارنے کی بات کی جائے گی تو مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے گھر بھی زیادہ دور نہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ جب تک سیاسی جماعتوں کے درمیان فاصلے کم نہیں ہوتے اس وقت تک پاکستان میں استحکام نہیں آئے گا، یہ اس وقت ہوگا جب شہباز شریف عام انتخابات کا اعلان کریں گے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن کے انعقاد کا اعلان ہمارے ہاتھ میں ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ یہ سارا عمل ایک فریم ورک کے تحت ہو، ہم فساد کے بغیر انتخابات میں جانا چاہتے ہیں، اگر سڑکوں پر آئے تو حکومت 5 دن میں چلی جائے گی۔