عمران خان کا مقصد فوج کے ‘رینک اینڈ فائل’ میں تصادم کی راہ ہموار کرنا ہے، حکومتی اتحاد

0 164

حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں نے اپنے مشترکہ اعلامئے میں کہا ہے کہ عمران خان کے الزامات کا مقصد فوج کے رینک اینڈ فائل میں تصادم کی راہ ہموار کرنا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے گزشتہ روز آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے متنازعہ بیان پر حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔

حکومتی اتحاد جماعتوں نے افواج پاکستان، اس کی قیادت، حساس اور پیشہ وارانہ امور کو متنازعہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم سیلاب سے نبرد آزما ہے، اور نفرت، انتقام اور تکبر میں ڈوبے عمران خان مسلح افواج سمیت قومی اداروں اور عوام سے لڑرہے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سنگین بہتان تراشی کا مقصد معاشی بحالی کے عمل کو متاثر کرکے پاکستان کو سری لنکا بنانا اورعوام کو فوج سے لڑانا ہے، الزامات کا مقصد فوج کے رینک اینڈ فائل میں تصادم کی راہ ہموار کرنا ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں حکومتی جماعتوں نے کہا کہ آئین اور قانون کی طاقت سے اس مذموم سازش کو ناکام بنائیں گے، اور سازشیوں سے آئین اور قانون کے مطابق نمٹیں گے۔

حکمران اتحاد کا کہنا تھا کہ پاکستان آئین کے مطابق چلے گا، پاکستان کو کسی فرد واحد کے تکبر ، فسطائیت اور آمرانہ رویوں کا غلام بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.