بلوچستان میں پی ٹی آئی لانگ مارچ کو سیکورٹی دیں گے، ناراض بلوچوں سے مذاکرات کررہے ہیں، ضیا لانگو

0 151

کوئٹہ  مشیر داخلہ بلوچستان میرضیاءاللہ لانگو نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو بلوچستان میں سیکورٹی دیں گے غیرملکیوں کی سیکورٹی کے لئے اسپیشل یونٹ بنایا جارہا ہے ناراض بلوچ رہنماﺅں سے آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے مذاکرات کئے جارہے ہیں، ہم پرامید ہیں کہ بہت جلد بہت سے رہنماءواپس آجائیں گے، تخریب کاری میں ملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے، صوبہ میں تخریب کاری میں افغانستان کی سرزمین استعمال ہورہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بلوچستان اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا کہ آئین اور قانون کے تحت ہر شہری کو احتجاج کرنے کا جمہوری حق ہے لیکن ادروں کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے کی اجازات نہیں دیں گے۔ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو بلوچستان میں سیکورٹی دیں گے سیکورٹی کیلئے ہم سے رابطہ نہیں کیاگیا لیکن ہم سیکورٹی کوممکن بنائیں گے کیونکہ لانگ مارچ کو تھریٹس ہیں، بلوچستان میں ویسے ہی حالات بہتر نہیں، گزشتہ ایک ہفتے سے کوئٹہ میں ناخوشگوار واقعات پیش آئے ہیں، جس طرح پولیو ورکرز کی سیکورٹی پر تعینات لیویز اہلکاروں کو قتل کیا گیا، میں کوئٹہ میں نہیں تھا واپس آتے ہی اس کا نوٹس لیا ہے تخریب کاری کے واقعات میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، ان واقعات میں ٹی ٹی پی ملوث ہے، ٹی ٹی پی کو بھارت استعمال کررہا ہے، ٹی ٹی پی کے تخریب کار افغانستان کی سرزمین استعمال کرکے بلوچستان میں حالات خراب کرنا چاہتے ہیں حالانکہ ہمیں افغانستان میں طالبان کے آنے سے امید تھی کہ افغان سر زمین پاکستان کیخلاف استعمال نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ارشد شریف نہایت قابل صحافی تھے، عمران خان اداروں کیخلاف بیان دے کر ملک دشمنی کررہے ہیں، باہر بیٹھے بلوچ رہنماﺅں سے رابطے میں ہیں، امید ہے مذکرات میں چند رہنماءپاکستان واپس آجائیں گے، ناراض بلوچ رہنماﺅں سے مذاکرات آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے کیے جارہے ہیں۔ غیر ملکیوں کی سیکورٹی کیلئے اسپیشل یونٹ بنانے کا فیصلہ ہوا ہے، اس حوالے سے محکمہ داخلہ کی ٹیم بیٹھے گی اور چیزوں کا جائزہ لے گی، غیر ملکیوں کی سیکورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، کیونکہ بلوچستان آنیوالے غیر ملکیوں کی ذمہ داری اور ان کا تحفظ ہمارا فرض ہے، باہر بیٹھے لوگوں کو پاکستان میں خون بہانے نہیں دیں گے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہرنائی میں پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے ہم نے متاثرہ خاندان کیساتھ ملاقات کرکے ان کے مطالبات تسلیم کرکے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، علاقے میں امن امان کی بحالی کے لئے سیکورٹی فورسز کا ہونا انتہائی ضروری ہے، شہر میں چیک پوسٹوں کے حوالے سے کمشنرکی سربراہی میں کمیٹی کام کررہی ہے، جسمیں ڈی آئی جی سبی اور ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر حکام شامل ہیں وہ جو سفارشات دیں گے ہم ان کا جائزہ لیکر اقدامات کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.